• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

سیکیورٹی فورسز کی ضلع بنوں اور ژوب میں کامیاب کارروائیاں، 9 خوارج ہلاک، 8 زخمی

شائع October 30, 2024 اپ ڈیٹ October 31, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا، جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی آپریشن کے دوران ایک خارجی ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔

— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

بیان کے مطابق میجر عاطف خلیل شہید کی عمر 31 سال تھی، انہوں نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا، میجر عاطف خلیل شہید کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن میں 2 جوانوں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نائیک آزاد اللہ اور ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک غضنفر عباس نے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہمارے حوصلے بلند کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے جنرل ایریا سمبازا میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خارجی مارا گیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور خیبر میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران خارجی انصاف اللہ سمیت 2 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع خیبر میں کہا گیا تھا جس کے دوران بھی 2 خارجی دہشت گرد مارے گئے، اس کارروائی میں 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

قبل ازیں 24 اکتوبر کو آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فورسز نے 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ میں کارروائی کرتے ہوئے9 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں اور سیکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ 5 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے چارباغ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشت گرد سرغنہ عطااللہ عرف مہران سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔

اسی دن شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024