• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے آئی سی سی، بھارت کا مجوزہ ہائبرڈ ماڈل یکسر مسترد کردیا

شائع November 28, 2024
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے تیار کردہ ہائبرڈ ماڈل کا پلان یکسر مسترد کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے جمعے کے روز شیڈول آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں نیا پلان لانے کا مطالبہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں نئے پلان کے ساتھ آئے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ پاکستان بار بار بھارت جاکر کھیلے اور بھارت پاکستان نہ آئے۔

بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی بھارت میں نہیں کھیلےگا، چیئرمین پی سی بی

قبل ازیں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے رات گئے قذافی اسٹیڈیم کےتفصیلی دورے میں نئے تعمیرکردہ اسٹیپ کا معائنہ کیا اور اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں جس کے بعد ایف ڈبلیو او کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پروجیکٹ کا مجموعی طور پر 70 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے، انکلوژرز کے اسٹیپ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، مین بلڈنگ کے فلورز مکمل کرلیے گئے ہیں اور پویلین و باکسز کا کام بھی آخری مرحلے میں داخل ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایک مرتبہ چیمپینز ٹرافی پر سخت مؤقف دہرایا اور واضح کیا کہ اگربھارت پاکستان میں نہیں کھیلےگا توپاکستان بھی بھارت جاکر نہیں کھیلےگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میٹنگ میں جو بھی فیصلہ آیا، اس پر حکومتی ہدایات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو اگر ہائبرڈ ماڈل کے لیے مجبور کیا گیا تو بورڈ حکومت سے اجازت طلب کرے گا تاہم ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) جے شاہ کی آئی سی سی میں انٹری سے قبل تنازع کا حل چاہتا ہے جس کے لیے آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بورڈ میٹنگ 29 نومبر کو طلب کر رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کروانے کی صورت میں پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچانے کا بھی پلان تیار کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کے لیے پلان بھی تیار کیا ہوا ہے جس کے تحت ٹورنامنٹ کے 10 میچز اور ایک سیمی فائنل پاکستان میں کرانے کا پلان ہے جب کہ بھارت کے میچز اور ایک سیمی فائنل یو اے ای میں ہوگا۔

آئی سی سی کے پلان کے مطابق اگر بھارت فائنل میں نہیں پہنچا تو فائنل پاکستان میں ہوگا تاہم بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ٹورنامنٹ کا فائنل متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل ہونے کی صورت میں تمام اضافی اخراجات آئی سی سی اور بی سی سی آئی اٹھائے گا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024