• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

راکھی ساونت کی عمرے کی ادائیگی کی ویڈیو وائرل

شائع January 7, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

متنازع بھارتی ماڈل و اداکارہ راکھی ساونت کی سال نو کے موقع پر عمرے کی ادائیگی کرنے کے دعوے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں راکھی ساونت کو مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میں کسی شخص سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں راکھی ساونت بتاتی ہیں کہ آج 31 دسمبر 2024 ہے اور پوری دنیا میں نئے سال کا جشن منایا جا رہا ہے لیکن وہ ایسے موقع پر مقدس مقامات پر موجود ہیں۔

اداکارہ ویڈیو میں بتاتی ہیں کہ وہ ان کا نئے سال 2025 کا آغاز عمرے کی ادائیگی سے ہو رہا ہے، وہ مقدس مقامات پر موجود ہیں، جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں، کروڑوں مسلمان بھی موجود ہیں۔

ویڈیو میں وہ بتاتی ہیں کہ انہیں امید ہے کہ 2025 ان کی زندگی کا اہم اور بہترین سال ثابت ہوگا۔

راکھی ساونت ویڈیو میں مزید کہتی ہیں کہ عمرے کی ادائیگی اور عبادتوں کے لیے مقدس مقامات پر لاکھوں لوگ موجود ہیں لیکن کوئی کسی کو دھکا نہیں دے رہا، ہر کوئی عبادت اور دعاؤں میں مصروف ہے۔

اداکارہ بتاتی ہیں کہ وہ بھی مقدس مقامات پر دعائیں کریں گی اور تمام بیماروں کی شفا اور صحت یابی کے لیے دعا کریں گی۔

مختصر ویڈیو میں راکھی ساونت کو سفید رنگ کے عبایہ اور حجاب میں دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے پیچھے مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کرنے والے لوگ بھی دکھائی دیتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو کو راکھی ساونت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر نہیں کیا، تاہم ان کی یہ ویڈیو متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز پر وائرل ہوگئی، جہاں لوگوں نے ان کی جانب سے سال نو کے موقع پر عمرے کی ادائیگی کی تعریفیں کیں۔

اس سے قبل اگست 2023 میں بھی راکھی ساونت نے عمرے کی ادائیگی کی اور بتایا تھا کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں۔

اداکارہ نے پہلی بار عمرے کی ادائیگی اور اسلام قبول کرنے کا دعویٰ ایسے وقت میں کیا تھا جب کہ انہوں نے مسلمان اداکار و ماڈل عادل درانی سے شادی کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

جنوری 2023 کے آغاز میں راکھی ساونت اور عادل درانی کی شادی کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، اداکارہ کے نکاح کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی اور بعد ازاں انہوں نے شوہر پر بے وفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر کے دوسری خواتین سے ناجائز تعلقات رہے ہیں۔

عادل درانی نے بھی راکھی ساونت سے شادی سے متعلق متضاد بیانات دیے تھے، بعد ازاں دونوں نے خاموشی اختیار کرلی اور اب راکھی ساونت کی عمرے کی ادائیگی کی نئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025