• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس رپورٹ

شائع January 8, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا اور ضلع ٹانک میں 13 ماہ کی بچی مہلک وائرس کا شکار ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ضلع ٹانک کی یونین کونسل تتہ میں 13 ماہ کی ایک بچی مہلک وائرس کا شکار ہوئی ہے۔

بچی کے نمونے گزشتہ سال دسمبر میں پولیو لیبارٹری کو موصول ہوئے تھے، 2024 میں ضلع ٹانک سے رپورٹ ہونے والا یہ پانچواں کیس ہے۔

یہ کیس چونکہ گزشتہ دسمبر کے مہینے میں پولیو لیبارٹری کو رپورٹ ہوا تھا لہذا یہ سال 2024 کے کیسز میں شمار ہو گا۔

اس اضافے سے 2024 کے دوران صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 21 ہوگئی جن میں ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان سے 10، ٹانک سے 5، لکی مروت اور کوہاٹ سے 2، 2 جبکہ ضلع مہمند اور نوشہرہ سے ایک، ایک کیس شامل ہے۔

ملک بھر میں 2024 کے دوران پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 69 ہوگئی جن میں بلوچستان سے 27، خیبرپختونخوا سے 21، سندھ سے 19 جبکہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

واضح رہے کہ ڈان اخبار نے 2 روز قبل اعداد و شمار کی بنیاد پر رپورٹ شائع کی تھی کہ جنگ زدہ افغانستان میں پولیو کی صورتحال پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان میں سال 2024 میں پولیو کے 25 کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری جانب پاکستان میں پولیو وائرس کے 68 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور گزشتہ سال جمع کیے گئے متعدد نمونوں کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہے۔

تاہم پاکستان کے پولیو پروگرام کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان حقائق شیئر کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پاکستان کا رپورٹنگ سسٹم افغانستان کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جس کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ افغانستان میں زیادہ کیسز رپورٹ نہ ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025