سیف علی خان کے جسم پر آنے والے زخموں کی تفصیلات سامنے آگئیں
ممبئی کے علاقے باندرہ میں گھر میں گھسنے والے شخص کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے اداکار سیف علی خان کو آنے والے زخموں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیلاوتی ہسپتال سے جاری بیان کے مطابق اداکار کے جسم پر 6 زخم آئے ہیں جن میں سے 2 گہرے اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب ہیں جبکہ ان کی گردن پر بھی ایک زخم آیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق لیلاوتی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ڈاکٹر نیرج اتمانی نے بتایا کہ سیف علی خان کو رات تقریباً ساڑھے 3 بجے اسپتال لایا گیا جہاں ان کی ڈھائی گھنٹے طویل نیورو سرجری کی گئی جس کے بعد انہیں پلاسٹک سرجری کے عمل سے بھی گزرنا پڑا ہے، اداکار کی طبیعت کے حوالے سے ایک رپورٹ کا انتظار ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ڈاکٹر نیرج اتمانی نے بتایا کہ سیف کی گردن پر بھی ایک زخم آیا ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے، انہوں نے بتایا کہ کاسمیٹک سرجن نے اداکار کی کلائی کا بھی آپریشن کیا ہے۔
لیلاوتی ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ سیف علی خان کے اہلخانہ ہسپتال میں موجود ہیں، انہیں مبینہ طور پر ان کے بیٹے ابراہیم علی خان اور ایک گھریلو ملازم نے ہسپتال پہنچایاتھا، سیف علی خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر سے نیچے آنے کی کوشش کر رہے تھے جب ان پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔