• KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:32pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:49pm
  • KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:32pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 3:49pm

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل

شائع January 20, 2025
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

کراچی کو پانی فراہم کرنے والے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے نتیجے میں شہر بھر کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تمام پمپنگ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

تاہم ترجمان کے الیکٹرک نے بریک ڈاؤن کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر آنے والے جزوی تعطل کو فوری بحال کر دیا گیا، جبکہ کمپنی کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں سے رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث شہر کے 60 فیصد علاقے کے لاکھوں شہریوں کو دھابیجی سے پانی کی فراہمی 72 گھنٹے کے لیے بند کردی گئی تھی۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 10 مرکزی لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، ان میں 9 لائنیں 40 سال پرانی ہو چکی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی ایک لائن کو تبدیل کردیا گیا تھا۔

پانی کی فراہمی کی لائن نمبر 5 کو تبدیل کیا گیا تھا، اس کی جگہ ساڑھے 4 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھائی گئی تھی، منصوبے پر 2 اعشاریہ 3 ارب کی لاگت آئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اس سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 21 جنوری 2025
کارٹون : 20 جنوری 2025