بظاہر آئندہ ماہ میری شادی ہے، کبریٰ خان
مقبول اداکارہ کبریٰ خان نے ذو معنی انداز میں شادی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بظاہر‘ آئندہ ماہ فروری میں ان کی شادی ہو رہی ہے۔
کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی افواہیں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری ہیں، تاہم دونوں اداکاروں نے واضح انداز میں اس متعلق کچھ نہیں کہا۔
ماضی میں بھی کبریٰ خان اور گوہر رشید کی شادی کی افواہیں سامنے آتی رہی ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہترین دوستانہ تعلقات کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔
حال ہی میں دونوں کی شادی کی چہ مگوئیاں اس وقت ہونا شروع ہوئیں جب کہ گوہر رشید نے انسٹاگرام پر مبہم ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں دیگر ساتھی اداکاروں کے ہمراہ کسی شادی کی تقریب میں ڈانس پرفارمنس کے لیے تیاریاں کرتے دیکھا گیا۔
گوہر رشید نے ساتھی فنکاروں کے ساتھ شادی تقریب میں ڈانس پرفارمنس کی تیاریوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ’میرے یار کی شادی‘ جیسے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے تھے۔
بعد ازاں گوہر رشید نے ملیحہ رحمٰن سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ مذاق نہیں کر رہے، ان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز ’ان کے یار کی شادی کی ہیں‘ اور ان کا کون سا یار شادی کر رہا ہے، وہ اس حوالے سے جلد مداحوں کو آگاہ کریں گے۔
اب کبریٰ خان کی جانب سے بھی اپنی شادی پر بات کرنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے ذو معنی جملوں کا استعمال کیا۔
کبریٰ خان نے حال ہی میں ہم ٹی وی کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر صحافی عرفان الحق سے بات کرتے ہوئے اپنی شادی کی خبروں پر بھی گفتگو کی۔
اداکارہ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا وہ آئندہ ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں؟ اس پر کبریٰ خان نے مختصر جواب دیا کہ ’جی ہاں، بظاہر‘ آئندہ ماہ فروری میں وہ شادی کرنے جا رہی ہیں۔
اداکارہ نے مذکورہ معاملے پر مزید بات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے ’بظاہر‘ کا ذو معنی لفظ استعمال کرنے کی وضاحت کی۔
کبریٰ خان کی جانب سے ذو معنی لفظ کے استعمال پر بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ اداکارہ کا اشارہ ان کی شادی کی خبروں پر ہے اور وہ بتانا چاہ رہی ہیں کہ خبروں کے مطابق بظاہر وہ شادی کرنے جا رہی ہیں۔