اولمپک ایسوسی ایشن کا اقدار کے فروغ کیلئے تعلیمی کمیشن قائم کرنے کا اعلان
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے اولمپک اقدار کو فروغ دینے اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے باضابطہ طور پر ایک تعلیمی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
پی او اے سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ پاکستانی نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم کو فروغ دینے کے تنظیمی عزم کے عین مطابق ہے۔ یہ اقدام پاکستانی نوجوانوں میں کھیل کے جذبے، منصفانہ کھیل اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے اسپورٹس ڈویژن کے ڈائریکٹر جاوید علی میمن کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
جاوید علی میمن کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں 20 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ اپنے وسیع تجربے کے ساتھ وہ اولمپک اقدار کو فروغ دینے، کھیل کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کے راستے یقینی بنانے، اور پاکستان میں کھیلوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی قیادت کرنے کے لیے بہترین صلاحیت رکھتے ہیں۔
کمیشن مختلف ذرائع کے ذریعے اولمپک اقدار کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتا ہے، جن میں اسکول، کمیونٹیز، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
یہ تعلیمی اداروں کے نصاب میں اولمپک اقدار اور جسمانی تعلیم کو شامل کرنے کی وکالت کرے گا، کھیل اور جسمانی سرگرمی کی اہمیت کو نوجوانوں کی ترقی اور تعلیم کے لیے اجاگر کرنے والے پروگراموں پر عمل درآمد کرے گا، اولمپک اقدار اور زندگی کی مہارتوں پر اساتذہ اور معلمین کے لیے وسائل تخلیق کرے گا، اور کھیل سے متعلق تعلیمی پروگراموں کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں جیسے آئی او سی اور قومی اداروں کے ساتھ تعاون کرے گا۔
کمیشن، پاکستان نیشنل اولمپک اکیڈمی کے ساتھ قریبی تعاون سے سالانہ تعلیمی اور اقدار کے فروغ کے پروگراموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کرے گا۔
یہ دیگر پی او اے کمیشنز کے ساتھ بھی رابطہ کرے گا تاکہ اولمپک اقدار اور نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک متحدہ حکمت عملی کو یقینی بنایا جاسکے۔