راکھی ساونت کے چیلنج پر ہانیہ عامر کا دلچسپ رد عمل
مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے ڈانس چیلنج پر دیے گئے دلچسپ رد عمل کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ایک روز قبل پاکستانی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں راکھی ساونت نے ہانیہ عامر، ڈانسر نرگس اور دیدار کو پاکستانی گانوں پر ڈانس کے مقابلے کا چیلنج دیا تھا۔
راکھی ساونت نے پاکستانی ڈانسرز اور اداکاراؤں کو ڈانس چیلنج کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستانی رقاصاؤں کو پیچھے چھوڑ دیں گی۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ وہ ہانیہ عامر، ڈانسر دیدار اور رقاصہ نرگس کو بیک وقت پیچھے چھوڑ دیں گی، پاکستانی اداکارائیں ان جیسا ڈانس نہیں کر سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل 24 گھنٹے تک ڈانس کر سکتی ہیں اور ان کا چیلنج ہے کہ کوئی بھی ان سے ڈانس میں آگے نہیں جا سکتا۔
بھارتی اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر وہ اور پاکستانی اداکارائیں ڈانس مقابلہ کریں گی تو دیکھنے والے پانی پانی ہوجائیں گے، ان سے ڈانس دیکھا نہیں جائے گا۔
اب راکھی ساونت کے چیلنج پر ہانیہ عامر نے دلچسپ رد عمل دے دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ہانیہ عامر نے راکھی ساونت کی آواز کے پس منظر میں اپنی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ لپسنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ہانیہ عامر کی جانب سے راکھی ساونت کی آواز میں لپسنگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور متعدد شوبز سوشل میڈیا پیجز نے اسے شیئر کیا، جہاں صارفین نے پاکستانی اداکارہ کی تعریفیں کیں۔