پورے کپڑے پہننے پر بھی لوگوں کو ’سیاپا‘ پڑ جاتا ہے، بشریٰ انصاری
سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں گانے کی ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پورے کپڑے پہننے پر بھی لوگوں کو سیاپا پڑ جاتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے گزشتہ ہفتے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس کے بعد انہیں عمر کے طعنے دیے گئے تھے۔
گانے کی ویڈیو کے پس منظر میں انہوں نے گانا لگا رکھا ہے جب کہ وہ خود دیوار سے ٹیک لگا کر کیمرے کی طرف دکھائی دیتی ہیں۔
مختصر ویڈیو میں بشریٰ انصاری کیمرے کے سامنے اپنے لباس کو درست بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے پر جہاں شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کی خوبصورتی اور لباس کی تعریفیں کی تھیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں عمر کے طعنے بھی دیے تھے۔
اب انہوں نے اپنی مذکورہ ویڈیو کے بعد خود پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے ان کی ویڈیو کے حوالے سے شیئر کی گئی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنی ویڈیو سے متعلق شائع خبر کی سوشل میڈیا پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ارے: پورے کپڑے پہن کر جھومنے سے بھی لوگوں کو ’سیاپا‘ پڑ جاتا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’اللہ ہی اللہ کیا کرو، دکھ نہ کسی کو دیا کرو‘۔ْ
ساتھ ہی بشریٰ انصاری نے لوگوں کے حسد اور جلن پر بھی اظہار افسوس کیا اور لکھا کہ لوگوں میں اتنا حسد ہوتا ہے۔
بشریٰ انصاری کی جانب سے تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دینے کی پوسٹ پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے اور انہیں ایک بار پھر اپنی عمر کا خیال رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی عمر کے حساب سے لباس کا استعمال کریں اور ہر چیز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔