’فٹا فٹ انڈیا میں ٹک ٹاک اسٹارٹ کرو، ورنہ پاکستان چلی جاؤں گی‘
اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان جانے کی دھمکی دے دی۔
راکھی ساونت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو پاکستان جانے کی دھمکی دینے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکارہ کی جانب سے ممکمنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان جا رہی ہیں۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’ مودی جی، فٹا فٹ انڈیا میں ٹک ٹاک اسٹارٹ کرو ورنہ میں پاکستان چلی جاؤں گی’۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک سے پوری دنیا کے لوگ پیسے کما رہے ہیں لیکن اس پر بھارت میں پابندی ہے۔
راکھی ساونت کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان جاکر وہاں بس جائیں گی اور کسی پاکستانی مرد سے شادی کرلیں گی۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ وہ پاکستان جاکر حلوہ اور پانی پوری کھائیں گی، زندگی گزاریں گی، وہاں بس جائیں گی۔
راکھی ساونت نے مختصر ویڈیو میں نریندر مودی کو دھمکی دی کہ وہ بھارت میں فوری طور پر ٹک ٹاک کو کھولیں۔
راکھی ساونت کی ایک اور مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنا بھارتی پاسپورٹ دکھاتے ہوئے بتاتی ہیں کہ وہ پاکستان جا رہی ہیں۔
راکھی ساونت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو دی گئی دھمکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔