معمر رانا پاکستان کے سلمان خان، ان کی حفاظت کرنا قومی ذمہ داری ہے، میرا
ماضی کی مقبول اداکارہ میرا نے ساتھی اداکار معمر رانا کی صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اداروں سے اداکار کی حفاظت کا مطالبہ کردیا۔
میرا کی جانب سے معمر رانا کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار اداکار کی وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد کیا گیا۔
معمر رانا کی دو دن قبل متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جن میں اداکار کو لڑ کھڑاتے، دوسروں کے سہارے چلتے اور درست انداز میں چہل قدمی نہ کرپاتے دیکھا گیا تھا۔
معمر رانا کی ویڈیوز ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’باپ‘ کے پریمیئر پر بنائی گئی تھیں، جن میں متعدد افراد اداکار کو چلنے کے دوران سہارا دیتے دکھائی دیے تھے۔
معمر رانا کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے دعوے کیے تھے کہ اداکار شراب نوشی کر رکھی ہے، جس وجہ سے وہ چل نہیں پا رہے۔
اب ان کی ساتھی اداکارہ میرا نے معمر رانا کی صحت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت کی حفاظت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
میرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے معمر رانا کو پاکستان کا سلمان خان بھی قرار دیا اور کہا کہ ان کی حفاظت کرنا قومی ذمہ داری ہے۔
میرا کے مطابق معمر رانا ملک اور قوم کا اثاثہ ہیں، ان کی قدر اور صحت کی حفاظت کی جانی چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ معمر رانا غلط ہاتھوں میں چلے گئے ہیں، اس لیے ان کی صحت کی حفاظت کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں میرا نے کہا کہ اگر بعض اداکار معمر رانا کی فلم ’باپ‘ کے پریمیئر میں شریک نہیں ہوئے تو کوئی بات نہیں، پوری قوم اداکار کے ساتھ کھڑی ہے۔
اگرچہ میرا نے معمر رانا کی صحت پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ اداکار نے شراب نوشی کر رکھی تھی یا نہیں؟