• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:34pm
  • LHR: Maghrib 5:35pm Isha 6:58pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 7:02pm

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں ایک اور گواہ کا بیان قلمبند

شائع January 28, 2025
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران ایک اور گواہ محمد فہیم کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا۔

اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، اس موقع پر عمران خان اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت توشہ خانہ ٹو کیس میں دفتر خارجہ کے گواہ عمر صدیق پر بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے جرح مکمل کر لی۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں ایک اور گواہ محمد فہیم کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا، مجموعی طور پر 8 گواہان کے بیان قلم بند جبکہ 5 پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔

تین گواہوں پر بشری بی بی کے وکیل جرح مکمل کر چکے ہیں جبکہ عمران خان کے وکیل نے جرح کرنی ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل کو حاضری یقینی بنانے اور گواہان پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

بعدازاں، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ 14 نومبر کو اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں خارج کردی تھیں۔

اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد 8 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 جنوری 2025
کارٹون : 29 جنوری 2025