چوتھی شادی بھی کر سکتی ہوں، نشو بیگم
ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ نشو بیگم نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تین شادیاں کیں، جس میں سے ایک شادی طلاق پر ختم ہوئی جب کہ باقی دونوں شادیوں میں وہ بیوہ بنیں جب کہ وہ موقع ملنے پر چوتھی شادی بھی کر سکتی ہیں۔
نشو بیگم نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے پہلی بار کھل کر اپنی شادیوں پر بات کی اور واضح کیا کہ ان کی شادیوں، تعلقات، کیریئر اور عمر سے متعلق وضاحت کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور محض 14 برس کی عمر میں فلمی ہیروئن بنیں۔
انہوں نے اپنی عمر سے متعلق پھیلائی جانے والی باتوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے متعلق ایسے دعوے کیے جاتے ہیں کہ جیسے وہ 102 سال کی ہوں۔
تین شادیاں کیوں کیں اور ان میں کیا خاص بات تھی؟ کے جواب میں نشو بیگم نے دلیل دی کہ خوبصورت لڑکیوں کی شادیاں جلد ہوجاتی ہیں اور وہ بھی خوبصورت تھیں، اس لیے ان کی شادی جلد ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی تینوں شادیاں پسند کی تھیں، جس میں سے ان کی امام ربانی سے پہلی شادی محض ایک سال بھی نہ چل سکی۔
نشو بیگم کا کہنا تھا کہ اعتبار ٹوٹنے اور دھوکہ ملنے کی وجہ سے ان کی پہلی شادی 11 ماہ میں ہی ختم ہوئی، جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی شاعر تسلیم فاضلی سے کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر شاعر تھے اور بھارتی شاعر ندا فاضلی ان کے شوہر کے بڑے بھائی تھے لیکن ان کے شوہر محض 32 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
ان کے مطابق ان کی دوسری شادی 6 سال چلی اور وہ بیوہ ہوگئیں جب کہ پہلی شادی ایک سال بھی نہ چل سکی، تاہم ان کی تیسری شادی لمبا عرصہ چلی۔
نشو بیگم کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیسری شادی فلم ساز کاظم پاشا سے کی جو کہ ان کے شوہر کے مرنے تک چلی، ان کے تیسرے شوہر بھی عارضہ قلب کے باعث چل بسے۔
اسی پروگرام میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اب بھی شادی کی پیش کش ہوتی رہتی ہے، بہت سارے لوگ ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موقع ملنے پر وہ چوتھی شادی بھی کر سکتی ہیں، کیوں کہ شادی کے لیے صرف حسن، خوبصورتی اور جوانی درکار نہیں ہوتی، دوسری چیزیں بھی ضروری ہوتی ہیں۔