نوجوان کی محبت میں مبتلا امریکی خاتون کو بھی کراچی کی حالت پر رحم آگیا
کراچی کے نوجوان کی محبت میں مبتلا امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کو بھی کراچی شہر کی حالت پر رحم آگیا، امریکی خاتون نے حکومت سے شہر کی ازسر نو تعمیر کروانے، سڑکیں بنانے اور نئی بسیں چلانے کا مطالبہ کردیا۔
سماجی رہنما رمضان چھیپا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نے کہا کہ یہ شہر بہت گندا اور یہاں صورتحال بہت خراب ہے، وہ چاہتی ہیں کہ شہر کی سڑکیں اور عمارتیں صاف ہوں۔
امریکی خاتون نے ایک مرتبہ پھر رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مجھے ایک لاکھ ڈالر دے، 20 ہزار ڈالر اپنے لیے اور باقی اس شہر کے لیے مانگ رہی ہوں، اس شہر کو از سر نو تعمیر کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ میں اپنے پاکستانی شوہر کے ساتھ دبئی جانا چاہتی ہوں۔
پریس کانفرنس کے دوران امریکی خاتون سماجی رمضان چھیپا پر برس پڑیں، امریکی خاتون نے رمضان چھیپا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تم چپ ہو جاؤ، یہ شخص بہت باتیں کرتا ہے۔‘
رمضان چھیپا نے کہا کہ اس خاتون کو کراچی بلانے والے لڑکے اور خاندان سے کہتا ہوں سامنے آئیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی خاتون اور پاکستانی لڑکے کے درمیان معاملہ ہم حل کروا دیں گے۔
رمضان چھیپا نے کہا کہ خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، یہ خاتون کل سے کراچی کی سڑکوں پر گھوم رہی تھی، مجھ سے یہ نہیں دیکھا گیا، میں پوری رات نہیں سو نہیں سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین رضاکار بھی ان کی خدمت پر مامور ہیں، خاتون کا ذہنی توازن کچھ ٹھیک نہیں ہے، 5 منٹ پہلے کچھ بات کرتی ہے، 5 منٹ بعد کچھ اور کہتی ہے۔
واضح رہے کہ 2 بچوں کی ماں 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن کو گارڈن کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی، سوشل میڈیا پر محبت میں مبتلا خاتون 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی، 19 سالہ ندال میمن مبینہ طور پر راضی تھا تاہم اس کے گھر والوں نے امریکی خاتون سے بیٹے کی شادی کرانے سے انکار کر دیا۔
امریکی خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہیں، ان کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی تھی اور واپسی کا ٹکٹ بھی نہیں تھا، پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس ایف نے خاتون کو زبردستی کراچی میں داخل ہونے سے روک کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
کراچی کی ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کا بندوبست کیا، انہیں ٹکٹ مہیا کیا اور مالی مدد بھی کی تھی۔
ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کو سردی اور فلو کی وجہ سے ایئرپورٹ کے ایمرجنسی کلینک میں بھی داخل کیا گیا تھا، محبت میں ناکامی پر دلبرداشتہ خاتون نے پرواز کیو آر 611 سے براستہ دوحہ نیویارک جانا تھا، تاہم خاتون نے ایئرپورٹ پر ہنگامہ کرتے ہوئے وطن واپسی سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔
خاتون کو وطن واپس بھیجنے کے لیے امریکی قونصل خانے کی دو رکنی ٹیم کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، ٹیم نے خاتون سے بات چیت کی تاکہ اسے امریکا بھیجنے پر آمادہ کیا جاسکے، تاہم خاتون امریکا واپس جانے سے مسلسل انکار کرتی رہی، امریکی قونصل خانے کی ٹیم کا کہنا تھا کہ خاتون کو واپس بھیجنے کے لیے زبردستی نہیں کرسکتے۔
بعد ازاں، امریکی خاتون ایئرپورٹ سے کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں نوجوان کے اپارٹمنٹ میں پہنچ گئی تھی اور پارکنگ میں دھرنا دے دیا تھا، جہاں گزشتہ روز بیمار ہونے کے بعد وہ نجی گیسٹ ہاؤس اور پھر شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی کے سامنے واقع چھیپا کے دفتر پہنچ گئی تھیں۔