تماشا بنانے کے بجائے امریکی خاتون کو واپس بھیجا جانا چاہیے، نادیہ حسین
مقبول میک اپ آرٹسٹ، ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے حکومت سندھ اور پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لڑکے کے پیار میں پاکستان آنے والی خاتون کو واپس امریکا بھجوائیں۔
نادیہ حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکی خاتون 33 سالہ اونیجا اینڈریو رابنسن پر تماشا بنانے کی ضرورت نہیں، انہیں واپس بھیجا جانا چاہیے۔
میک اپ آرٹسٹ نے کہا کہ امریکی خاتون جس طرح کی باتیں کر رہی ہیں، اس سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، وہ ان کا مذاق نہیں اڑا رہیں بلکہ لوگوں کو معاملے کو سمجھنے کی تلقین کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کہا جا رہا ہے کہ خاتون کئی ماہ سے پاکستان میں ہیں اور اب کا ویزا کی میعاد بھی ختم ہوچکی ہے، اس لیے انہیں واپس بھیجا جانا چاہیے۔
نادیہ حسین کے مطابق فلاحی تنظیم جے ڈی سی کے رہنما ظفر عباس نے اچھا قدم اٹھایا تھا، خاتون کو ایسے تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا، انہیں واپس اپنے ملک بھجوانے کا بندوبست کیا جانا چاہیے۔
ماڈل و اداکارہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت حکومت سندھ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ امریکی خاتون کو ملک سے باہر بھیجنے کا انتظام کریں اور خاتون کو اپنے ملک بھیجیں۔
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت خانے کو بھی خاتون کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ خاتون اس وقت کہاں رہائش پذیر ہیں، وہ کسی کی مہمان نہیں، ایسے کیسے بے یارو مددگار گھوم رہی ہیں، ان کی مدد کے لیے حکومت اور امریکی سفارت خانے کو آگے آکر خاتون کو واپس ملک بھیجنا چاہیے۔
نادیہ حسین نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ اب وہ خاتون کو اتنی توجہ نہ دے، خاتون سے بات نہ کی جائے، اس کا تماشا بنانے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن مبینہ طور پر اکتوبر 2024 میں پاکستان آئی تھیں اور تب سے یہیں موجود ہیں، تاہم گزشتہ ہفتے سے ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
انہیں کراچی کے علاقے گارڈن کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی، سوشل میڈیا پر محبت میں مبتلا خاتون 11 اکتوبر 2024 کو کراچی پہنچی تھی، 19 سالہ ندال میمن مبینہ طور پر راضی تھا تاہم اس کے گھر والوں نے امریکی خاتون سے بیٹے کی شادی کرانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد خاتون چند دن قبل میڈیا کے سامنے آئیں۔
امریکی خاتون کئی ماہ کراچی میں دربدر رہیں، ان کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی تھی اور واپسی کا ٹکٹ بھی نہیں تھا، پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس ایف نے خاتون کو زبردستی کراچی میں داخل ہونے سے روک کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
کراچی کی ایک این جی او نے خاتون کی امریکا واپسی کا بندوبست کیا، انہیں ٹکٹ مہیا کیا اور مالی مدد بھی کی تھی، تاہم بعد ازاں خاتون نے ملک جانے سے انکار کردیا تھا۔