• KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:01pm
  • KHI: Zuhr 12:46pm Asr 4:41pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 12:22pm Asr 4:01pm

کراچی: سراغ رساں کتے نے گارڈن ویسٹ سے لاپتا 2 بچوں کی نشاندہی کردی

شائع February 2, 2025

کراچی کے علاقے گارڈن سے گزشتہ ماہ لاپتا ہونے والے 2 بچوں کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، سراغ رساں کتے نے لیاری کشتی مسجد کے قریب بچوں کی موجودگی کی نشاندہی کردی، پولیس نے عینی شاہد کا بیان بھی قلمبند کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ گارڈن ویسٹ سے لاپتا ہونے والے 2 بچوں کے کیس میں پیش رفت سامنے آئی ہے، سراغ رساں کتے نے بچوں کی موجودگی کے حوالے سے اہم نشاندہی کردی۔

پولیس کے مطابق کتے کو بچوں کےکپڑے سونگھائے گئے تو وہ لیاری کشتی مسجد کے قریب جا کر رک گیا، ایک عینی شاہد نےبچوں کو کشتی مسجد کے قریب دیکھنے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق کشتی مسجد کےقریب لیاری ندی ہے، جو دلدلی ہے، عینی شاہد کے بیان کےبعد مشینری کی مدد سے ندی کو صاف کیاگیا، ندی میں مزید مقامات کو صاف کرکے تلاشی لی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے گزشتہ ماہ گارڈن ویسٹ سے لاپتا ہوگئے تھے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتا چلا ہے کہ انہیں موٹر سائیکل پر سوار ایک مرد اور خاتون اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

گارڈن پولیس نے علیان کی والدہ زینب یونس کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 364 اے (14 سال سے کم عمر بچے کا اغوا) اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ایکٹ 2018 کی دفعہ 3 کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔

بعد ازاں، ایس ایس پی عارف عزیز کی سربراہی میں دونوں لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا، اس آپریشن میں گارڈن، نبی بخش، کالاکوٹ، چاکیواڑہ، کلری اور دیگر تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت لیڈی کانسٹیبلز اور انٹیلی جنس اسٹاف نے حصہ لیا تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تھی تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی، پولیس نے لاپتا بچوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 3 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں بچوں کے اغوا کے الزام کی زد میں آنے والے میاں بیوی بے قصور نکلے تھے، واقعے سے منسوب وڈیو میں نظر آنے والا موٹر سائیکل سوار جوڑا اپنے ہی بچوں کو کلینک لے کر جارہا تھا، ویڈیو میں نظر آنے والے لڑکے وہ نہیں تھے جو لاپتا ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 3 فروری 2025
کارٹون : 2 فروری 2025