• KHI: Maghrib 6:26pm Isha 7:43pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:52pm Isha 7:16pm
  • KHI: Maghrib 6:26pm Isha 7:43pm
  • LHR: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:52pm Isha 7:16pm

سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرنیوالی امدادی ایجنسی یو ایس ایڈ کو بند کرنے کیلئے کام جاری ہے، ایلون مسک

شائع February 3, 2025
ایلون مسک کے موجودہ اور سابق ملازمین پر مشتمل ایک ٹیم نے 20 جنوری کو او پی ایم کی کمان سنبھالی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ایلون مسک کے موجودہ اور سابق ملازمین پر مشتمل ایک ٹیم نے 20 جنوری کو او پی ایم کی کمان سنبھالی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر کی کابینہ کے اہم عہدیدار ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کو بند کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، یو ایس ایڈ دنیا بھر میں جنگ زدہ علاقوں، غربت سے متاثرہ ممالک میں سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایلون مسک نے ’ایکس‘ پر ایک سوشل میڈیا ٹاک میں سرکاری کارکردگی کے محکمے (ڈی او جی ای) پر تبادلہ خیال کیا، ٹرمپ نے مسک کو اخراجات میں کٹوتی کرنے والے وفاقی پینل کی سربراہی کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

سابق ریپبلکن صدارتی امیدوار وویک راماسوامی اور ریپبلکن سینیٹر جونی ارنسٹ نے مسک کے اس بیان سے بات چیت کا آغاز کیا کہ وہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کو بند کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مسک کا کہنا تھا کہ ’اسے ٹھیک نہیں کیا جاسکتا‘ اور صدر ٹرمپ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اسے بند کر دینا چاہیے۔

اتوار کو ’رائٹرز‘ نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ نے یو ایس ایڈ کے دو اعلیٰ سیکیورٹی اہلکاروں کو اس وقت عہدے سے ہٹا دیا تھا جب انہوں نے ارب پتی مسک کے ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (ڈی او جی ای) کے نمائندوں کو عمارت کے ممنوعہ حصوں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔

یو ایس ایڈ دنیا کا سب سے بڑا واحد عطیہ کنندہ ہے، مالی سال 2023 میں امریکا نے جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کی صحت سے لے کر صاف پانی تک رسائی، ایچ آئی وی/ایڈز کے علاج، توانائی کے تحفظ اور انسداد بدعنوانی کے کاموں پر دنیا بھر میں 72 ارب ڈالر کی امداد تقسیم کی، اس نے 2024 میں اقوام متحدہ کی طرف سے ٹریک کی جانے والی تمام انسانی امداد کا 42 فیصد فراہم کیا۔

یہ آن لائن چیٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب مسک کی ٹریژری سسٹم تک رسائی کے بارے میں خدشات ہیں، جس کی سب سے پہلے اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے اطلاع دی تھی، جو وفاقی ایجنسیوں کی جانب سے ہر سال 6 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ کی ادائیگیاں بھیجتا ہے اور اس میں لاکھوں امریکیوں کی ذاتی معلومات شامل ہیں، جو حکومت سے سوشل سیکیورٹی ادائیگیاں، ٹیکس ریفنڈز اور دیگر رقم وصول کرتے ہیں۔

سینیٹ کی فنانس کمیٹی کے رکن ڈیموکریٹ پیٹر ویلچ نے وضاحت طلب کی کہ مسک کو ادائیگی کے نظام تک رسائی کیوں دی گئی؟ ویلچ کا کہنا ہے کہ اس میں ٹیکس دہندگان کا حساس ڈیٹا بھی شامل ہے۔

ویلچ نے ایک ای میل بیان میں کہا کہ یہ ایک غیر منتخب بیوروکریٹ کی طرف سے اختیارات کا غلط استعمال ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیسہ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں طاقت خرید سکتا ہے۔

ایلون مسک کو ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے، یہ پوچھے جانے پر کہ کیا مسک اچھا کام کر رہے ہیں، ٹرمپ نے اس سے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ ایک بڑی لاگت کاٹنے والے ہیں، کبھی کبھی ہم ان سے متفق نہیں ہوں گے اور ہم وہاں نہیں جائیں گے جہاں وہ جانا چاہتے ہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ ایک ہوشیار آدمی ہیں، بہت ہوشیار، اور ہمارے وفاقی بجٹ کے بجٹ میں کٹوتی کرنے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔

مسک کی ٹیم کو متعدد حکومتی نظاموں تک رسائی دی گئی ہے، یا ان کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے جمعے کے روز خبر دی تھی کہ امریکی حکومت کے انسانی وسائل کے ادارے کو چلانے کے الزام میں مسک کے معاونین نے کیریئر سول سرونٹس کو کمپیوٹر سسٹمز سے باہر کر دیا، ان سسٹمز میں لاکھوں وفاقی ملازمین کا ذاتی ڈیٹا موجود ہے۔

مسک نے پرسنل مینجمنٹ کے دفتر کے نام سے جانی جانے والی ایجنسی میں اتحادیوں کو تعینات کرنے کے لیے تیزی سے پیش قدمی کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مسک کے موجودہ اور سابق ملازمین پر مشتمل ایک ٹیم نے 20 جنوری کو او پی ایم کی کمان سنبھالی تھی، جس دن ٹرمپ نے عہدہ سنبھالا تھا۔

11 روز قبل عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ٹرمپ نے بڑے پیمانے پر حکومتی تبدیلیوں کا آغاز کیا ہے، بیوروکریسی کو کم کرنے اور مزید وفاداروں کو تعینات کرنے کی جانب اپنے پہلے قدم کے طور پر سیکڑوں سرکاری ملازمین کو برطرف اور سائیڈ لائن کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 فروری 2025
کارٹون : 15 فروری 2025