افغانستان: خواتین کے واحد ریڈیو اسٹیشن پر چھاپہ، 2 ملازمین گرفتار، نشریات معطل
افغانستان میں طالبان حکام نے خواتین کے واحد ریڈیو اسٹیشن ’ریڈیو بیگم‘ کے دفتر پر چھاپہ مار کر 2 ملازمین کو گرفتار کر لیا، نشریات بھی معطل کردی گئیں۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس (جی ڈی آئی) کے افسران نے وزارت اطلاعات و ثقافت کے نمائندوں کی مدد سے کابل میں ’ریڈیو بیگم‘ کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا۔
نشریات کی معطلی کا سامنا کرنے والے ریڈیو اسٹیشن کا کہنا ہے کہ طالبان حکام نے دفتر کی تلاشی لیتے ہوئے عملے کو روک لیا، کمپیوٹر، ہارڈ ڈرائیوز، فون ضبط کر لیے اور 2 مرد ملازمین کو حراست میں لے لیا، جو کسی اعلیٰ انتظامی عہدے پر فائز نہیں ہیں۔
ریڈیو بیگم کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ حراست میں لیے گئے ملازمین کی سیکیورٹی کے خدشے کے پیش نظر مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے، اور حکام سے کہا گیا ہے کہ ہمارے ساتھیوں کا خیال رکھیں اور انہیں جلد از جلد رہا کریں۔
سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں طالبان کی وزارت اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو اسٹیشن کی ٹرانسمیشن کو معطل کر دیا گیا ہے۔