چیمپئنز ٹرافی: آسٹریلیا کے اسکواڈ میں شامل اہم کھلاڑی کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے آسٹریلیا کے اسکواڈ میں شامل آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا اور اب ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق مارکس اسٹوئنس نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں کیا جب چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم کو سری لنکا روانہ ہونا تھا اور پھر وہاں سے پاکستان کا سفر کرنا تھا۔
یاد رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 12 اور 14 فروری کو 2 ایک روزہ میچز کھیلیں جائیں گے جب کہ میگا ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
35 سالہ مارکس اسٹوئنس نے 71 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جس میں 26 کی اوسط سے 1495 رنز بنائے اور 48 وکٹیں بھی حاصل کیں، تاہم آل راؤنڈر اب صرف ٹی20 کرکٹ میں اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
آسٹریلوی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ میرے لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا تاہم میں سمجھتا ہوں اب یہی درست وقت ہے کہ میں ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلوں اور زندگی کے اگلے باب پر توجہ دے سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ، میرے لیے آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا انتہائی خوشگوار تجربہ رہا ہے اور میں کرکٹ آسٹریلیا کا شکر گزار ہوں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا جس کی میں ہمیشہ قدر کروں گا۔
خیال رہے کہ مارکس اسٹوئنس بھارت میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کا اہم حصہ تھے اور انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کی وجہ سے کینگروز نے ایونٹ میں کم بیک کیا اور ٹورنامنٹ کا اختتام بطور چیمپئن کیا۔
تاہم، ورلڈکپ کے بعد سے اب تک مارکس اسٹوئنس نے صرف ایک ون ڈے انٹرنیشنل میں کینگروز کی نمائندگی کی ہے اور انہیں گزشتہ سال کرکٹ بورڈ نے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم رکھا، البتہ آسٹریلیا کے ایک اور اہم آل راؤنڈر کیمرون گرین کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے انہیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔