ہائبرڈ ماڈل پر بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں، ہمیں جو کہا گیا وہ کریں گے، نیوزی لینڈ کوچ
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ جیکب اورم نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ہائبرڈ ماڈل پر بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، ہمیں جو کہا گیا ہے وہ کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش میں کافی کرکٹ کھیلی ہے، تاہم میں 2003 کے بعد پہلی دفعہ پاکستان آیا ہوں، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس عرصے میں متعدد ٹور کیے۔
انہوں نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی سے پہلے ٹرائی سیریز کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہے، ہمارا ٹارگٹ چمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔
آئی سی سی کے ہائبرڈ ماڈل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جیکب اورم نے کہا ’میں ہائبرڈ ماڈل پر خوش ہوں آپ نے مجھ سے یہی سوال کیا ہے‘؟
انہوں نے وضاحت کی کہ ہائبرڈ ماڈل پر بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، ہمیں پاکستان اور دبئی میں اپنے میچز کھیلنے ہیں، پاکستان میں بنگلہ دیش اور دبئی میں بھارت کے ساتھ سے کھیلیں گے، ہمیں جو کہا گیا ہے ہم وہ کریں گے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے 8 فروری سے سہ ملکی سیریز شروع ہوگی، انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 5 فروری سے شروع ہوگا۔
سہ ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ فروری کو پہنچ چکی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی اسکواڈ
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، عثمان خان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی
واضح رہے کہ 24 دسمبر 2024 کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا جب کہ بھارت کے فائنل تک رسائی کی صورت میں ایک سیمی فائنل اور فائنل بھی دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔