• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:59pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:27pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:31pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:59pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 4:27pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:31pm

چیمپئنز ٹرافی کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، کوئی بھارتی امپائر شامل نہیں

شائع February 6, 2025
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 19 فروری سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے 15 میچ آفیشلز کی فہرست جاری کردی جس میں کوئی بھی بھارتی شامل نہیں ہے۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت کراچی، لاہور اور راولپنڈی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

8 ٹیموں کے اس منی ورلڈکپ میں 12 امپائرز کا پینل میچز میں فرائض انجام دے گا جب کہ 3 امپائر بطور میچ ریفری فرائض انجام دیں گے۔

آئی سی سی کے 12 رکنی امپائروں کے پینل میں کمار دھرماسینا، رس گیفنی، مائیکل گف، اینڈرین ہولڈ اسٹوک، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹلبرو، احسن رضا، پال ریفل، شرف الدولہ ابنِ شہید، رودنی ٹکر، الیکس وارف اور جو ولسن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، ڈیوڈ بون، رانجن مادوگالے اور اینڈریو پےکروفٹ بطور میچ ریفری فرائض انجام دیں گے۔

آئی سی سی کے سینئر مینیجر شان ایزی نے نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے میچ آفیشلز کی انتہائی بہترین ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں خوشی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمیشہ سے یہی مقصد رہا ہے کہ کسی بھی بڑے ایونٹ کے لیے بہترین اور موزوں آفیشلز کا اعلان کیا جائے، ہمیں یقین ہے کہ یہ گروپ پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والے میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر 2024 کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت چمپئینز ٹرافی 2025 کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہوگا، بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا جب کہ بھارت کے فائنل تک رسائی کی صورت میں ایک سیمی فائنل اور فائنل بھی دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 13 مارچ 2025
کارٹون : 12 مارچ 2025