نعمان علی ایک بار پھر آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوری کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا جس میں قومی ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہونے والے کھلاڑیوں میں پاکستان کے نعمان علی، ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن اور بھارت کے وارون چکرورتی شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی اور جومیل واریکن نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان پر شاندار اسپن باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا، جبکہ وارون چکرورتی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 16 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ انہوں نے دوسرے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے اپنے کیریئر میں دوسری بار کسی بھی ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔
اس سے قبل آئی سی سی نے پاکستان کے اسپنر نعمان علی کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی پر اکتوبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ قرار دیا تھا۔
آئی سی سی نے اکتوبر کے لیے پاکستانی اسپنر نعمان علی کے علاوہ نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر اور جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا تھا۔
38 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 20 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔