راولپنڈی: شادی شدہ کزن کو زیادتی کرکے بلیک میل کرنے والے مجرم کو تاحیات قید کی سزا
راولپنڈی کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے شادی شدہ کزن کو زیادتی کا نشانہ بناکر بلیک میل کرنے والے مجرم کو تاحیات قید کی سزا سنادی۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی کی ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج باسط علیم نے شادی شدہ کزن سے زیادتی اور بلیک ملینگ کے مجرم اشتیاق کو تاحیات قید کی سزا سنادی۔
مجرم اشتیاق کو دفعہ 376 میں عمر بھر قید اور دیگر دفعات کے تحت 4 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
عدالت نے مجرم کو زیادتی کے جرم میں تاحیات قید اور 5 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ بلیک میل کر کے بھتہ لینے کے جرم میں 2 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
مجرم کو ہتھیائے گئے مال کی برآمدگی کی دفعہ کے تحت 2 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق مجرم اشتیاق علاج کی غرض سے اپنی چچازاد کے گھر رہنے آیا تھا، مجرم نے شادی شدہ کزن سے زیادتی کی اور بلیک میل کر کے رقم اور زیور لیتا رہا، واقعے کا مقدمہ گزشتہ سال تھانہ صدر واہ میں درج کیا گیا تھا۔