راکھی ساونت کے نام مفتی قوی کی نئی ویڈیو سامنے آگئی
بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو شادی کی پیش کش کرنے والے مفتی قوی کی جانب سے اداکارہ کے لیے بنائی گئی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔
مفتی قوی کی جانب سے راکھی ساونت کے لیے بنائی گئی ویڈیو میں انہیں اداکارہ کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
مفتی قوی ویڈیو میں اداکارہ کو مخاطب ہوکر کہتے ہیں کہ وہ اداکارہ سے نکاح کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی آ رہے ہیں۔
ویڈیو میں مفتی قوی کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ راکھی ساونت دبئی میں ہیں، ان سے نکاح کے لیے وہ وہاں آ رہے ہیں۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ باوضو ہیں، اس لیے وہ ان کا نام ’فاطمہ‘ لیں گے۔
ویڈیو میں انہوں نے بھارتی اداکارہ کو مخاطب ہوکر کہا کہ ان دونوں کا نکاح پاکستان اور بھارت کے لیے اچھا ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان محبت اور دوستی بڑھے گی۔
مفتی قوی کے مطابق ان کا اور راکھی ساونت کا نکاح پاکستان اور بھارت کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، دونوں ممالک کے عوام میں محبت بڑھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نکاح سے قبل ہی وہ اور راکھی ساونت پاکستانی اور بھارتی میڈیا کے لیے ذریعہ بن چکے ہیں، وہ پاکستان سے جب کہ راکھی ساونت بھارت سے میڈیا کے ساتھ جڑی رہتی ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ راکھی ساونت سے نکاح کے لیے دبئی آ رہے ہیں اور نکاح کے بعد وہ اداکارہ کو پاکستان لائیں گے، جہاں نوجوان اور عوام ان کا بھرپور استقبال کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے مفتی قوی نے راکھی ساونت سے مشروط نکاح کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر انہیں والدہ نے اجازت دی تو وہ بھارتی اداکارہ سے نکاح کریں گے۔
مفتی قوی کی جانب سے نکاح کی خواہش ظاہر کرنے کے بعد راکھی ساونت نے بھی اپنا رد عمل دیا تھا جب کہ بعد ازاں اداکارہ نے دلہن کے روپ میں ویڈیو بھی جاری کی تھی اور کہا تھا کہ وہ مفتی کے انتظار میں ہیں اور یہ کہ وہ پاکستان جانے کو تیار ہیں۔
مفتی قوی سے قبل پاکستانی اداکار دودی خان نے بھی راکھی ساونت کو شادی کی پیش کش کی تھی جو کہ اداکارہ نے قبول کرلی تھی۔
مفتی قوی اور دودی خان کی جانب سے شادی کی پیش کش کیے جانے کے بعد راکھی ساونت کے سابق شوہر رتیش سنگھ کمار نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے دونوں پاکستانی شخصیات کے لیے دھمکی آمیز ویڈیوز جاری کی تھیں۔