• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

3 صہیونی یرغمالیوں کی رہائی، اسرائیل نے بھی مزید 183 فلسطینیوں کو رہا کردیا

شائع February 8, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے پانچواں مرحلہ مکمل ہوگیا، اس دوران حماس نے 3 صہیونی یرغمالیوں کو رہا کیا جب کہ اسرائیل نے 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیل کی قید سے رہائی پانے والی تمام فلسطینی قیدی خان یونس پہنچ گئے، اہل خانہ مدتوں بعد اپنے پیاروں سے مل کر آبدیدہ ہوگئے جب کہ غزہ میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کی آزادی کا جشن منایا۔

رہائی پانے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں سے مل کر خوشی سے سرشار ہوگئے، اس دوران ایک باپ کی طویل مدت کے بعد اپنے بیٹے سے ملاقات پر جزباتی مناظر دیکھنے میں آئے، دونوں گلے لگ کر روتے رہے ۔

اسرائیلی جیلوں میں رہنے والے فلسطینیوں کی صحت انتہائی خراب نظر آئی، رہائی پانے والے 7 فلسطینیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ ایک فلسطینی قیدی اسرائیلی جیل میں ظلم و ستم برداشت کرنے کے بعد چلنے کے قابل بھی نہ رہا۔

خیال رہے کہ غزہ میں 15 ماہ سے جاری لڑائی کے بعد 16 جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا تھا، جس کے معاہدے کے تحت فلسیطنیوں کی غزہ واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان 6 ہفتوں پر محیط جنگ بندی کے ابتدائی مرحلے میں وسطی غزہ سے اسرائیلی افواج کا بتدریج انخلا اور بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی شامل ہے۔

معاہدے کے تحت حماس تمام خواتین (فوجی اور عام شہری) بچوں، اور 50 سال سے زیادہ عمر کے 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی، حماس 6 ہفتوں کے دوران یرغمالیوں کو رہا کرے گی، اس دوران ہر ہفتے 3 یرغمالیوں کو رہا کیا جائیں گے۔

اسرائیل ہر یرغمال شہری کے بدلے 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا اور ہر اسرائیلی خاتون فوجی کی رہائی کے بدلے 50 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔

اس سے قبل، حماس کی جانب سے 52 سالہ ایلی شاربی، 34 سالہ یا لیوی اور 56 سالہ احد بن امی کو رہا کیا گیا، حوالگی کی تقریب میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا منظر دیکھنے بڑی تعداد میں فلسطینی جمع ہوئے اور فلسطینی عوام کی جانب سے قسام بریگیڈ کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

حماس کی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق یرغمالیوں کو فوری طور پر اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس افسران کے حوالے کر دیا گیا، تاکہ ایلیٹ یونٹس انہیں اسرائیل لے جا سکیں۔

دوسری جانب، یرغمالیوں اور لاپتہ خاندانوں کے فورم نے ایک بیان میں کہا کہ احد، ایلی اور یا کی رہائی کی پریشان کن تصاویر ایک اور واضح اور دردناک ثبوت ہے، جس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے، یرغمالیوں کی رہائی میں تاخیر کا مزید وقت نہیں ہے، ہمیں ان سب کو آخری یرغمال بنانے کے لیے اب باہر نکالنا ہوگا۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 47 ہزار 460 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اس دوران حماس کی زیر قیادت حملوں میں اسرائیل میں کم از کم ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زیادہ کو یرغمال بنا لیا گیا تھا، جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ان یرغمالیوں کی رہائی کا عمل بتدریج جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025