• KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • KHI: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • LHR: Asr 5:00am Maghrib 5:00am
  • ISB: Asr 5:00am Maghrib 5:00am

لیبیا میں 28 تارکین وطن کی اجتماعی قبر برآمد

شائع February 10, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

لیبیا کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے جنوب مشرقی ضلع کوفرا میں ایک اجتماعی قبر ملی ہے جس میں سب صحارا کے 28 تارکین وطن کی لاشیں موجود ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قبر انسانی اسمگلنگ کے مقام پر چھاپے کے بعد ملی جہاں سے حکام نے سب صحارا کے 76 تارکین وطن کو رہا کرایا جنہیں حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کے روز کی گئی۔

دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چھاپے میں ایک ایسے گروہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے ارکان نے جان بوجھ کر غیر قانونی تارکین وطن کو ان کی آزادی سے محروم رکھا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ ظالمانہ، ذلت آمیز اور غیر انسانی سلوک کیا۔

بیان کے مطابق لاشوں کو حراست کی جگہ کے قریب دفن کیا گیا تھا، جب کہ اس حوالے سے تین افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جن میں سے ایک کا تعلق لیبیا سے اور دو غیر ملکی ہیں۔

مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر بیان کے ساتھ پوسٹ کی گئی تصاویر میں تارکین وطن کو ان کے چہروں اور پیٹھ پر نشانات کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

لیبیا تاحال 2011 میں معمر قذافی کی آمریت کے خلاف نیٹو کی حمایت یافتہ بغاوت کے بعد پیدا ہونے والے انتشار اور افراتفری سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، یہ معاملہ دبیبہ کی اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت اور مشرق میں خلیفہ حفتر کی حمایت یافتہ حریف اتھارٹی کے درمیان منقسم ہے۔

غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور انسانی اسمگلرز اس عدم استحکام کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ایک طویل عرصے سے لیبیا کو مہاجرین اور پناہ گزینوں کے خلاف برتے جانے والے سلوک پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جب کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھتہ خوری سے لے کر قید میں رکھے جانے تک کے الزامات بھی عائد کیے جاتے ہیں۔

اٹلی سے تقریباً 300 کلومیٹر (186 میل) کے فاصلے پر واقع یہ تارکین وطن کی روانگی کا ایک اہم مقام ہے، خاص طور پر سب صحارا افریقی ممالک سے، جو یورپ میں بہتر زندگی کی تلاش میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر بحیرہ روم کا خطرناک سفر کرتے ہیں۔

گزشتہ ماہ حکام نے مشرقی لیبیا کے شہر الوحات میں 263 غیر قانونی تارکین وطن کو تشدد کا نشانہ بنانے اور حراست میں لینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔

استغاثہ کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کو اس لیے حراست میں لیا گیا تھا تاکہ ان کے اہل خانہ کو صومالی تارکین وطن کی رہائی کے بدلے 17 ہزار ڈالرز اور اریٹیریا کے تارکین وطن کی رہائی کے بدلے 10 ہزار ڈالر ادا کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025