• KHI: Fajr 5:47am Sunrise 7:04am
  • LHR: Fajr 5:20am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:25am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:47am Sunrise 7:04am
  • LHR: Fajr 5:20am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:25am Sunrise 6:49am

پاکستان پہنچنے والی خاتون واپس امریکا نہ پہنچ سکیں، دبئی میں نوجوانوں کے ساتھ ویڈیوز وائرل

شائع February 11, 2025
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستانی نوجوان کی مبینہ محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون گزشتہ دنوں واپس امریکا روانہ ہوئی تھیں تاہم وہ اپنے ملک نہ پہنچ سکی، ان کی دبئی میں پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

کراچی میں لگ بھگ 4 ماہ تک رہ کر امریکا روانہ ہونے والی اونیجا اینڈریو رابنسن کو 8 فروری کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر سے براستہ دبئی امریکا کے لیے روانہ کر دیا گیا تھا۔

تاہم اب وہ دبئی میں پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ویڈیوز میں سامنے آئی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی کی پرواز سے اتر کر اگلی پرواز میں سوار ہونے کے لیے اونیجا کے پاس 2 گھنٹے کا وقت تھا، اس میں بھی وہ ایک گھنٹے کے لیے دبئی شہر میں جا کر واپس آسکتی تھیں مگر وہ فلائٹ کے لیے واپس نہیں آئیں۔

ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ تکنیکی طور پر دبئی سے نیویارک کی پرواز کا ٹکٹ اب ضائع ہوگیا اور انہیں دبئی سے نیویارک جانے کے لیے دوسرا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔

مذکورہ خاتون 11 اکتوبر 2024 کو مبینہ طور پر کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ کے رہائشی 19 سالہ ندال احمد میمن کی محبت میں پاکستان پہنچی تھیں، دونوں کے درمیان آن لائن رابطہ تھا، تاہم بعد ازاں لڑکے اور اس کے اہل خانہ نے خاتون سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

خاتون سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہوئیں، جب جنوری کے آخری عشرے میں جعفریہ ڈزاسٹر سیل مینجمنٹ (جے ڈی سی) کے سربراہ ظفر عباس نے ان سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خاتون کراچی میں دربدر ہیں۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مداخلت کرتے ہوئے اونیجا اینڈریو رابنسن کو واپس بھجوانے کی کوشش بھی کی تھی، تاہم خاتون نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں خاتون چھیپا کے دفتر بھی گئی تھیں، جبکہ انہوں نے مبینہ محبت کے دعوے کرنے والے لڑکے کے گھر کے باہر بھی دھرنا دیا تھا اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

خاتون کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سندھ پولیس نے انہیں حفاظتی تحویل میں لینے کے بعد جناح ہسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں داخل کرایا تھا، جہاں ان میں نفسیاتی بیماری ’بائی پولر ڈس آرڈر‘ سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کی تشخیص ہوئی تھی، جس پر ان کا علاج بھی کیا گیا تھا۔

خاتون کی صحت بہتر ہونے کے بعد سندھ پولیس نے امریکی قونصلیٹ کی مدد سے خاتون کو 7 اور 8 فروری کی درمیانی شب کراچی ایئرپورٹ سے براستہ دبئی امریکا کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 فروری 2025
کارٹون : 18 فروری 2025