• KHI: Asr 4:57pm Maghrib 6:36pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:03pm
  • ISB: Asr 4:25pm Maghrib 6:07pm
  • KHI: Asr 4:57pm Maghrib 6:36pm
  • LHR: Asr 4:22pm Maghrib 6:03pm
  • ISB: Asr 4:25pm Maghrib 6:07pm

بھارتی یوٹیوبرز کو ’فحش‘ زبان استعمال کرنے پر قانونی کارروائیوں کا سامنا

شائع February 12, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف بھارتی یوٹیوبر و پروڈیوسر رنویر الہ آبادیا اور سمے رائنا سمیت دیگر یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز کو ’فحش‘ زبان استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا ہے جب کہ ان کی نامناسب ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ان کے فالوورز میں بھی کم ہونے لگی۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق حال ہی میں دونوں یوٹیوبرز نے اپنے دیگر ساتھیوں اور تقریبا 30 مہمانوں کی موجودگی میں پروگرام ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں انتہائی نامناسب بات کہی تھی، جس پر بھارت بھر سے لوگ ان کے خلاف سامنے آنے لگے۔

’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ نامی شو کو یوٹیوب پر جاری کیا جاتا ہے، جہاں مزاحیہ انداز میں نامناسب گفتگو اور ذو معنی جملوں کا استعمال عام بات ہوتی ہے، تاہم حالیہ ایک پروگرام میں وہاں انتہائی نامناسب گفتگو کی گئی۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق حالیہ پروگرام میں یوٹیوبر رنویر الہ آبادیا نے بات کرتے ہوئے پروگرام میں شریک ہونے والے مہمانوں سے ان کے والدین کے جنسی تعلق کے حوالے سے نامناسب بات کی تھی۔

یوٹیوبر کی جانب سے مہمانوں کے ساتھ والدین کے جنسی تعلق کے حوالے سے نامناسب بات کہے جانے کے بعد ان کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، جس کے بعد بھارت کی قومی کمیشن برائے خواتین نے یوٹیوب کو خط لکھ کر پروگرام کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

اب مذکورہ پروگرام کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے، تاہم رنویر الہ آباد اور سمے رائنا سمیت دیگر یوٹیوبرز کے خلاف احتجاج جاری ہے اور سیاست دانوں سے لے کر اداکاروں تک تمام افراد ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

بھارت کی قومی کمیشن برائے خواتین نے تمام یوٹیوبرز کو سماعت کے لیے 17 فروری کو دہلی میں طلب بھی کر رکھا ہے۔

یوٹیوب پروگرام میں فحش بات کیے جانے کے بعد رنویر الہ آبادیا اور سمے رائنا کے خلاف ریاست آسام اور ریاست مہاراشٹر میں مقدمات بھی دائر کیے جا چکے ہیں جب کہ ان کے خلاف دیگر متعدد ریاستوں میں بھی پولیس کو مقدمات شکایت درج کرنے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

علاوہ ازیں یوٹیوبرز کے خلاف ریاست مہاراشٹر کے سائبر کرائم نے بھی مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔

ادھر بھارت بھر سے شدید رد عمل کے بعد رنویر الہ آبادیا نے اپنی بات پر معافی بھی مانگ لی ہے، تاہم اس باوجود بھارت بھر کے لوگ نہ صرف ان کے خلاف بلکہ شو میں موجود تمام کانٹینٹ کریئیٹرز اور مہمانوں کے خلاف بھی کاررروائی کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ممبئی کے سائبر کرائم برانچ پولیس نے مذکورہ شو کے تمام منتظمین اور مہمانوں کے علاوہ ٹیم میں شامل افراد کے خلاف فحش اور نامناسب باتیں کرنے کا مقدمہ دائر کرکے تمام افراد کو نوٹسز بھی جاری کردیے اور انہیں پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جا چکا ہے۔

علاوہ ازیں بھارت بھر کے سوشل میڈیا صارفین ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ نامی شو کو مکمل طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کرتے دکھائی دے رہے ہیں، دوسری جانب مذکورہ شو کے بعد تمام کانٹینٹ کریئیٹرز کے فالوورز میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 مارچ 2025
کارٹون : 3 مارچ 2025