’عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی‘ صائمہ قریشی کو بیان پر تنقید کا سامنا
اداکارہ صائمہ قریشی کو خواتین کی کمائی اور مرد کی دوسری شادی کے حق میں بیان دینے پر تنقید کا سامنا ہے۔
صائمہ قریشی حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ کے پوڈ کاسٹ میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ کوئی مانے یا نہ مانے لیکن برکت مرد ہی کی کمائی میں ہوتی ہے، جس کے بعد انڈسٹری کی دیگر خواتین اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
ان کے مطابق جب عورت گھر چلانا شروع کردیتی ہے تو اس حوالے سے جتاتی بھی ہے، جب کہ مرد کو دوسری شادی کرنے سے قبل پہلی بیوی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔
مذکورہ بیان سے جہاں ایک طرف سوشل میڈیا صارفین برہم ہیں، وہیں دوسری جانب شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دیگر اداکارائیں بھی ان پر خاصی ناراض نظر آئیں۔
ماضی کی مقبول اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر نام لیے بغیر اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تو یہ سن کر حیران رہ گئی کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔
انہوں نے حضرت خدیجہؓ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہؓ ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھیں، جو تجارت کرتی تھیں۔
مشی خان نے عورت کی کمائی میں بے برکتی کے بیان کو غیر منطقی قرار دیا۔
انہوں نے مردوں کی دوسری شادی کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اجازت تو الگ بات ہے پہلے یہ بتائیں کہ مرد کو دوسری شادی کرنی ہی کیوں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویسے تو مردوں سے اُٹھ کر ایک گلاس پانی نہیں پیا جاتا، جوتے موزے جگہ پر نہیں رکھے جاتے تو دوسری شادی کا خیال کیوں آتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جس وجہ سے دوسری شادی کی اجازت دی گئی ہے، پہلے وہ وجوہات پڑھیں پھر بات کریں۔
اسی طرح اداکارہ اور معروف کانٹینٹ کریئٹر تمکنت منصور نے بھی صائمہ قریشی کےبیان پر شدید تنقید کی۔
انہوں نے صائمہ قریشی کو جواب دینے کے لیے ایک ویڈیو اپلوڈ کی، جس میں انہوں نے اپنے روایتی مزاحیہ انداز میں بیان پر طنز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بالکل درست کہا کہ عورت کی کمائی میں کوئی برکت نہیں ہوتی، برکت صرف مرد کی کمائی میں ہوتی ہے چاہے وہ کمائے یا نہ کمائے۔‘
ان کے مطابق اس طرح کے بیانات توجہ حاصل کرنے کے لیے دیئے جاتے ہیں۔
تمکنت منصور نے اداکارہ کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو انہیں کوئی جانتا نہیں ہے، اداکاری بھی زیادہ اچھی نہیں کرتیں، لہٰذا مشہور ہونے کے لیے ایسا بیان دیا۔’
انہوں نے کہا کہ آج کل مشہور ہونے کے لیے لوگ خواتین کے خلاف اسی طرح کے بیان دیتے ہیں، چاہے گالیاں کھانی پڑیں مگر تشہیر تو ہو ہی جاتی ہے۔
اداکارہ نے سوال کیا کہ افیئرز چلانے سے بہتر دوسرا نکاح کرنا ہے، مگر یہ کون بتائے گا کہ نکاح فوراً نہیں ہوتا اس سے پہلے تو افیئر ہی چلتا ہے۔
یہی نہیں، سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے بھی صائمہ قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوریز شیئر کیں۔
اداکارہ نے کمائی کے حوالے سے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے قرآن پڑھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے ایک اور اسٹوری میں حضرت خدیجہ الکبریٰؓ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے، حضرت خدیجہؓ بھی بزنس وومن اور مالی اعتبار سے مستحکم تھیں۔‘
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین بھی صائمہ قریشی کے بیان پر طنز کے نشتر برساتے نظر آئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ کیا آپ نے کبھی حضرت خدیجہؓ کے حوالے سے سنا ہے، مہربانی کرکے قرآن کی تفسیر پڑھیں۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہر اس کمائی میں برکت ہوتی ہے جو حلال ہے، چاہے مرد کمائے یا عورت۔
ایک صارف نے صائمہ قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مذہبی اسکالر نہیں ہیں، سوچ سمجھ کر بیان دیا کریں۔
جب کہ دوسری صارف کا کہنا تھا کہ درحقیقت اسلام اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ آپ نامحرم کے ساتھ بنا پردے کے بیٹھی ہوں، اپنی آسانی کے لیے اسلام کا نام استعمال کرنا بند کریں۔