• KHI: Maghrib 6:26pm Isha 7:43pm
  • LHR: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:51pm Isha 7:15pm
  • KHI: Maghrib 6:26pm Isha 7:43pm
  • LHR: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • ISB: Maghrib 5:51pm Isha 7:15pm

پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح، کئی ریکارڈ پاش پاش

شائع February 12, 2025
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ اس دوران قومی ٹیم نے ون ڈے کرکٹ کا اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلیا۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 353 رنز کا بڑا ہدف دیا تو بظاہر یہ بہت مشکل اور ناممکن دکھائی دے رہا تھا کیوں کہ پاکستان نے تقریباً 3 سال قبل 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

اس دوران قومی ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل میں اتنا بڑا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہی، سہ فریقی سیریز کے پہلے ہی میچ میں جب نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 331 رنز کا ہدف دیا تو میزبان ٹیم 252 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔

آج بھی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کی 3 وکٹیں 91 رنز پر گرنے کے بعد سب نے امید چھوڑ دی تھی تاہم ایسے میں ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان نے ذمہ داری اٹھائی اور ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ کے لیے 260 رنز کی شراکت قائم کرکے محمد یوسف اور شعیب ملک کا 206 رنز کی شراکت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس دوران سلمان علی آغا نے اپنے کریئر کی پہلی سینچری بھی اسکور کی، وہ 103 گیندوں پر 134 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے، محمد رضوان نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔

پاکستان نے اس سے پہلے 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 349 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا جب کہ 2023 میں سری لنکا کے خلاف 345، 2023 میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف 337 اور 2014 میں بنگلہ دیش کے خلاف 327 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 فروری 2025
کارٹون : 14 فروری 2025