• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

ایران: ہاسٹل کے پاس طالبعلم کا قتل، تہران یونیورسٹی میں احتجاج

شائع February 15, 2025
— فوٹو: ایکس / ارنا
— فوٹو: ایکس / ارنا

ایران میں طالب علم کے قتل کے الزام میں متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف طلبہ نے تہران یونیورسٹی میں رات گئے احتجاج کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ 19 سالہ طالب علم امیر محمد خالقی بدھ کے روز یونیورسٹی ہاسٹل کے قریب ڈاکوؤں نے قتل کر دیا تھا، اس واقعے نے ایران بھر میں غم و غصے اور احتجاج کو جنم دیا، جبکہ طلبہ کیمپس میں بہتر سیکیورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

میزان آن لائن نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹر علی صالحی نے بتایا کہ اس معاملے میں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

علی صالحی کا کہنا تھا کہ حکام اس جرم میں ملوث افراد کو جلد از جلد پکڑنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

روزنامہ ہام میہان کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے احتجاج نے یونیورسٹی کے درجنوں طلبہ کو اپنی طرف متوجہ کیا، تاہم کشیدگی اس وقت بڑھی جب سادہ لباس میں سیکیورٹی فورسز نے مداخلت کی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا کہ صدر مسعود پیزیشکیان نے وزیر سائنس حسین سمائی سراف کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کیس پر نظر رکھیں۔

وزیر سائنس حسین سمائی سراف نے بتایا کہ تہران یونیورسٹی کے ہاسٹل مینجمنٹ کے سربراہ نے قتل کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا، وزیر نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ طلبہ کو احتجاج کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

ارنا نے رپورٹ کیا کہ ایران کے فرسٹ نائب صدر محمد رضا عارف نے امیر محمد خالقی کے قتل کی فوری اور مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ طلبہ کی حفاظت اور خاندانوں کا امن حکومت کا فرض اور ترجیح ہے۔

دریں اثنا، تہران یونیورسٹی کے نگراں سربراہ حسین حسینی نے رات گئے طلبہ کے احتجاج میں شرکت کرکے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025