• KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:29pm
  • LHR: Asr 4:15pm Maghrib 5:54pm
  • ISB: Asr 4:17pm Maghrib 5:57pm
  • KHI: Asr 4:52pm Maghrib 6:29pm
  • LHR: Asr 4:15pm Maghrib 5:54pm
  • ISB: Asr 4:17pm Maghrib 5:57pm

کراچی: ٹرالر کی ٹکر سے ریلوے انجن کو نقصان، سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج

شائع February 16, 2025
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نیٹی جیٹی سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر مال بردار ٹرین سے ٹکرا گیا، غلطی ٹرالر کے ڈرائیور کی تھی
—فوٹو: ڈان نیوز
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نیٹی جیٹی سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر مال بردار ٹرین سے ٹکرا گیا، غلطی ٹرالر کے ڈرائیور کی تھی —فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں مائی کولاچی روڈ کے ریلوے پھاٹک پر مال بردار گاڑی، ٹرالر اور آئل ٹینکرز میں تصادم کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ڈاکس تھانے میں درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ روز تیز رفتار ٹرالر کی مال بردار ٹرین کو ٹکر سے ٹریفک معطل ہوگیا تھا، اس حادثے کے نتیجے میں مال بردار ٹرین کے انجن کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

اس حوالے سے درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو نیٹی جیٹی سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر مال بردار ٹرین سے ٹکرا گیا، غلطی ٹرالر کے ڈرائیور کی تھی، جس کے بعد ٹرالر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے بھی ٹکراگیا۔

اس حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور عبد الستار شدید زخمی ہوا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرالر کی ٹکر سے پاکستان ریلوے کی مال بردار ٹرین کے انجن کو بھی نقصان پہنچا، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا، ٹرالر ڈرائیور کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ نا تجربہ کار ڈرائیورز عوام کی زندگیوں کے لیے خطرہ بنتے ہیں، شہر میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار پر توجہ نہیں دی جاتی، دن دیہاڑے ہیوی ٹرک اور ٹرالر سڑکوں پر دندناتے پھرتے ہیں۔

سیاسی جماعتوں نے بھی ہیوی ٹریفک کے حادثات پر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹرالر اور ڈمپرز کے شہر میں داخلے کا وقت رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025