لاہور: بدفعلی کا ملزم پولیس کی حراست سے فرار، ایس ایچ او اور اہلکار کیخلاف مقدمہ درج
لاہور میں بد فعلی کے ملزم کو فرار کروانا تھانیدار کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر خرم اور پولیس اہلکار اکرم، ملزم تنویر الحسنین کو کرمنل ریکارڈ آفس (سی آر او) کے لیے تھانہ نولکھا لے کر آئے، جہاں ملزم سے ساز باز کر کے اسے فرار ہونے کا موقع فراہم کیا گیا، تاہم بعد ازاں کہا گیا کہ ملزم پولیس حراست سے ہتھکڑی سے ہاتھ نکلوا کر فرار ہوگیا۔
انچارج ایس ایس آئی او یو، سٹی ڈویژن محمد ارشد کی مدعیت میں دونوں اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، تاہم انویسٹی گیشن پولیس پیٹی بند بھائیوں کو تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سب انسپکٹر خرم شہزاد اور کانسٹیبل اکرم نے ملزم تنویر سے سازباز کر کے اس کو فرار ہونے میں معاونت کی تھی۔
یاد رہے کہ ایک دوسرے واقعے میں کل شام کو لاہور پولیس نے 10 سالہ بچے سے دوسری بار زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے چند روز قبل 10 سالہ علی سے زیادتی کی تھی۔
فیصل ٹاؤن پولیس نے ون فائیو کی کال پر کارروائی کرتے کوٹھا پنڈ سے ملزم کو حراست میں لیا تھا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا تھا کہ گزشتہ شام کو ملزم نے دوبارہ بچے سے زیادتی کرنے کی کوشش کی، جس پر بچے نے شور کیا، اس موقع پر ملزم عبدالرحمٰن نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا تھا۔