کراچی میں بڑھتے حادثات: گورنر سندھ کا چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو دوسرا خط
کراچی میں ہونے والے حادثات میں شہریوں کی اموات پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو دوسرا خط لکھ دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق گورنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں شہر میں انتظامی غفلت، قانون سے روگردانی حادثات کی بڑی وجہ قرار دی گئی۔
خط میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایک ہی دن میں 4 شہریوں کی اموات سنگین مسئلہ ہے جب کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے کہ صبح 7 سے رات 11 تک بھاری ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکتی۔
گورنر سندھ نے خط میں لکھا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد میں عدم تسلسل کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں، امید ہے سندھ ہائی کورٹ اس ضمن میں اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
اس سے قبل، 8 فروری کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا تھا کہ شہر میں افغانستان سے ڈمپر منگواکر چلائے جارہے ہیں، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور آئی جی کوخط لکھ چکا ہوں، اب وزیراعلی سندھ کو بھی خط لکھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہیوی ٹریفک کے لیے ممنوع اوقات کے دوران کراچی میں نکلیں گے اور ٹینکرز اور ٹرالرزکو روکیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال یکم جنوری 2025 سے اب تک یعنی صرف 45 دنوں میں شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 108 شہری اپنی زندگی گنوا چکے ہیں۔