• KHI: Maghrib 6:29pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 5:54pm Isha 7:15pm
  • ISB: Maghrib 5:57pm Isha 7:20pm
  • KHI: Maghrib 6:29pm Isha 7:46pm
  • LHR: Maghrib 5:54pm Isha 7:15pm
  • ISB: Maghrib 5:57pm Isha 7:20pm

ہیوی ٹریفک سے حادثات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، امن برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہیں، شرجیل میمن

شائع February 18, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ہم مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کا امن وامان برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ گزشتہ روز حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کا تفصیلی اجلاس ہوا، ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مختلف مسائل خصوساً ٹریفک حادثات پر بات ہوئی، اجلاس سے واضح پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں امن وامان برقرار رہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اتفاق ہے کہ روزانہ حادثات ہورہے ہیں اور انہیں نمایاں کیا جارہا ہے، حادثات نہیں ہونے چاہیے لیکن گزشتہ چند دنوں سے جس طریقے حادثات کی کچھ خاص کوریج ہورہی ہے، یا تو یہ حادثات ماضی میں اگر نہیں ہوتے تھے تو اچانک اتنے زیادہ کیوں ہونے لگے۔

انہوں نے کہا کہ ایک حادثہ بھی نہیں ہونا چاہیے اور ہر انسانی جان قیمتی ہے، ہم مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کا امن وامان برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا پھر ٹرانسپورٹر حضرات کی جانب سے کسی بیان کا فائدہ تیسرے قوت نہ اٹھائیں جو امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتی ہے کیوں کہ اس ملک کے دشمن ممالک بہت ہیں اور ان کے ادارے ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں وہ موقع کی تلاش میں ہیں لہذا حکومت ہر پہلو کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آج کی ملاقات کے بعد یہ واضح پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں اور پاکستانی ہیں، حادثات نہ ہوں اور ایک بھی نہ ہو، اگر حادثہ ہوتا بھی ہے تو اسے لسانی، سیاسی یا کسی اور قسم کا رنگ نہیں دیا جائے گا جس پر اس شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر نے آج اتفاق کیا ہے۔

’حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا‘

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے چینلجز ہیں کیوں کہ کراچی واحد شہر ہے جس میں سب سے زیادہ ہیوی ٹریفک چلتی ہے کیوں کہ پورٹ یہاں پر ایک ہی ہے اور پورے پاکستان کی درآمدات اور برآمدات کراچی سے ہوتی ہیں لہذا کراچی کے ان چیزوں کا مقابلہ کسی اور شہر سے نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجھے اعداد وشمار بتائے گئے کہ پنجاب کے دیگر حصوں میں ہونے والے حادثات کے مقابلے میں یہاں حادثات کی شرح بہت کم ہے لیکن اس کے باوجود ہماری ذمہ داری ہے کہ ایک بھی حادثہ نہ ہو۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں 5 سے 6 واٹر ٹینکرز کو جلایا گیا، گزشتہ روز حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ جلاؤگھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈمپر حادثات سیاسی یا انتظامی نہیں، انسانی مسئلہ ہے، فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت کی، ہم سب مسئلے کے حل کے لیے سر جوڑ کر بیٹھے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بے دردی سے حادثات کا شکار ہوئے، یہ سیاسی یا انتظامی نہیں انسانی مسئلہ ہے، سندھ حکومت پہلے نوٹس لے لیتی تو بہت سی باتیں سنبھل سکتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے 100 سے زائد شہری حادثات میں جاں بحق ہوئے، حکومت کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے، آئیں متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایک اعداد وشمار سامنے آجاتے کہ ڈرائیور کس حالت میں گاڑی چلاتے ہیں، نشے کی حالت میں ہوتے ہیں یا نہیں، ان کے پاس لائنسس ہے یا نہیں اور پھر وہ تربیت یافتہ ہیں یا نہیں اور کیا اور حکومت کے طے کردہ اوقات کار میں گاڑی چلارہے ہیں یا نہیں، یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان چیزوں کا نوٹس پہلے لے لیتی تو یہ نقصان نہ ہوتے۔

انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ ہمیں متاثرہ خاندانوں کے گھر جانا چاہیے اور ان کی داد رسی کرنی چاہیے اور نہ صرف ان کے لیے معاوضے کا اعلان کیا جانا چاہیے بلکہ انہیں یہ یقین بھی دلانا چاہیے کہ ان کے بچوں کے قاتل گرفتار ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے جیل چورنگی پل پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگادی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 فروری 2025
کارٹون : 20 فروری 2025