دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا مشن، پاکستانی ترقی اس کے ساتھ جڑی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بزنس کے ماحول کے حوالے سے 55 فیصد پاکستانیوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، اور یہ گیلپ کا سروے ہے، جو کافی معتبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے لیکن ہمیں آگے بڑھنا ہے اور مزید محنت کرنی ہے، تین چار ماہ بعد بجٹ آئے گا، اب ہمیں اڑان پاکستان اور ہمارا ’ہوم گرون‘ ایجنڈا ہے، اس پر فی الفور کام شروع کر دینا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم مل کر شبانہ روز محنت کریں گے تو ہماری معاشی ترقی کا پہیہ بڑی تیزی سے گھومنا شروع ہو جائے گا، یقینا اس کے لیے ملک کے اندر سازگار حالات انتہائی ضروری ہیں، ابھی چند دن قبل لاہور میں ایک شہید لیفٹننٹ حسن اشرف کا نماز جنازہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ 21 سال کا نوجوان بچہ خارجی دہشت گردوں کے تعاقب میں اس نے وطن کے لیے اپنی جان قربان کر دی لیکن شہادت سے پہلے 6 خوارج کو ہلاک کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ قربانیاں ہمیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئیں، انہی کی بدولت پاکستان میں امن قائم ہوگا اور پاکستان ضرور ترقی کی راستے پر گامزن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عالمی بینک کا وفد مجھے ملا، 9 ڈائریکٹرز آئے ہوئے تھے، انہوں نے پاکستانی کی معاشی اشاریوں کے حوالے سے یک زبان ہو کر ستائش کی، اور انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے ریفارم ایجنڈے پر نہ صرف مطمئن ہے بلکہ انہوں نے بڑے شاندار انداز میں تعریف کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں ان تعریفی کلمات کو سن کر بیٹھنا نہیں ہے بلکہ اسے اور آگے لے کر جانا چاہتا ہے، پاکستان ضرور آگے بڑے گا۔