چیمپئنز ٹرافی: افتتاحی میچ کیلئے پاکستانی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کا امکان
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز کل سے کراچی میں ہونے جارہا ہے اور پاکستان پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگا جس کے لیے قومی پلینگ الیون میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی سہ فریقی سیریز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے فائنل میچ میں فہیم اشرف کو موقع دیا گیا تھا۔
تاہم، ذرائع نے بتایا ہے کہ حارث رؤف اب مکمل طور پر فٹ ہیں اور ممکنہ طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف سہ فریقی سیریز کا فائنل کھیلنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی جائے گی۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف کو تیم میں شامل کیا جائے گا، یعنی قومی ٹیم افتتاحی میچ میں 3 فاسٹ باؤلر اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
فخرزمان کے ساتھ اننگز کا آغاز بابراعظم ہی کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد ابرار شامل ہیں۔
پاکستان کا 29 سالہ انتظار ختم ہونے میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ کل سے کراچی میں سجے گا، میچ سے قبل افتتاحی تقریب بھی ہوگی، جس میں پاک فضائیہ کے طیاروں کی جانب سے فلائی پاسٹ کیا جائے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے آج میگا ایونٹ کے لیے کمنٹیٹرز کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، وسیم اکرم، رمیز راجا سمیت دنیائے کرکٹ کے بڑے نام اپنے الفاظ سے شائقین کا جوش بڑھائیں گے۔