• KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:48pm
  • LHR: Asr 4:35pm Maghrib 6:22pm
  • ISB: Asr 4:41pm Maghrib 6:28pm
  • KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:48pm
  • LHR: Asr 4:35pm Maghrib 6:22pm
  • ISB: Asr 4:41pm Maghrib 6:28pm

لیبیا میں انسانی اسمگلرز کے ٹھکانوں پر چھاپے، 2 اجتماعی قبروں سے 93 لاشیں برآمد

شائع February 20, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لیبیا میں انسانی اسمگلرز کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران 2 اجتماعی قبروں سے مجموعی طور پر 93 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے افریقی امور روزمیری ڈی کارلو نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران بتایا کہ 7 فروری کو شمال مشرقی لیبیا کے جاکھرہ کے ایک فارم میں ایک اجتماعی قبر ملی تھی اور ایک دن بعد جنوب مشرقی علاقے کوفرا میں ایک اور اجتماعی قبر ملی تھی جس میں مجموعی طور پر 93 لاشیں پائی گئی تھیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس اجتماعی قبر سے کتنی لاشیں ملی تھیں۔

10 روز قبل لیبیا کے حکام نے کوفرا میں ایک اجتماعی قبر سے 28 تارکین وطن کی لاشیں ملنے کی اطلاع دی تھی جنہیں مبینہ طور پر زیرحراست رکھا گیا تھا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ان حکام کا کہنا تھا کہ یہ قبر انسانی اسمگلنگ کے اس مقام پر چھاپے کے بعد ملی تھی جہاں حکام نے 76 تارکین وطن کو رہائی دلائی تھی۔

لیبیا کے اٹارنی جنرل آفس نے 9 فروری کو کہا تھا کہ اس چھاپے میں ایک ایسے گروہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے ارکان نے جان بوجھ کر غیر قانونی تارکین وطن کو ان کی آزادی سے محروم رکھا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ ظالمانہ، ذلت آمیز اور غیر انسانی سلوک کیا۔

اس کے بعد اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے جاکھرا میں دوسری اجتماعی قبر کی اطلاع دی، روزمیری ڈی کارلو نے کہا کہ ’انسانی اسمگلرز کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے بعد اجتماعی قبروں کی خطرناک اور المناک دریافت لیبیا میں تارکین وطن کو درپیش سنگین خطرے کی نشاندہی کرتی ہے‘۔

لیبیا کو یورپ پہنچنے کے خواہشمند تارکین وطن کا ایک اہم عارضی ٹھکانہ شمار کیا جاتا ہے، یہ ملک سابق آمر معمر قذافی کا تختہ الٹنے کے لیے 2011 میں نیٹو کی حمایت یافتہ بغاوت کے بعد پیدا ہونے والی افراتفری سے نکلنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

یہ ملک اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت اور مشرق میں ایک حریف اتھارٹی کے درمیان تقسیم ہے جسے طاقتور عسکری شخصیت خلیفہ حفتر کی حمایت حاصل ہے۔ انسانی اسمگلرز مستقل اس عدم استحکام کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025