کراچی: ملزم ارمغان کو مبینہ منشیات بیچنے والے اداکار کے بیٹے کا جسمانی ریمانڈ منظور
کراچی ڈیفینس میں مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس میں گرفتار ارمغان کو پارٹی کے لیے مبینہ طور پر منشیات سپلائی کرنے والے معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ساحر حسن کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں پیش کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 500 گرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے۔
اسپیشل مجسٹریٹ نے ملزم ساحر حسن کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا،عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ ملزم کو کل متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے، ساحر حسن کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈیفنس خیابان راحت فیز 6 گلی نمبر 6 میں منشیات فروشی کی اطلاع ملی، ملزم کو ساڑھے 4 بجے پکڑا جس نے اپنا نام ساحر حسن بتایا، ملزم کے کاندھے پر کالے رنگ کا بیگ تھا جس میں منشیات کے پیکٹ تھے، بیگ سے ڈیجیٹل ترازو اور دیگر سامان بھی ملا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی، برآمد ہونے والی ویڈ کا وزن 557 گرام تھا۔
ایس آئی یو حکام کے مطابق ملزم یحییٰ اور بازل نامی منشیات فروشوں سے ویڈ حاصل کرکے کراچی کے پوش علاقوں میں فروخت کرتا تھا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) سی آئی اے مقدس حیدر نے گزشتہ روز بتایا کہ نوجوان مصطفیٰ عامر کے حالیہ قتل کے بعد ڈی ایچ اے میں کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران ایک نوجوان اداکار کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی تحویل سے منشیات برآمد ہوئی ہے۔
سربراہ سی آئی اے نے بتایا تھا کہ پولیس نے ڈی ایچ اے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان اداکار ساحر حسن کو گرفتار کیا اور اس کے گھر سے آدھا کلو منشیات برآمد ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم مختلف چینلز کے ذریعے امریکا سے منشیات درآمد کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ گرفتار اداکار شہر کے پوش علاقوں میں پارٹیوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث ہے۔
ڈی آئی جی مقدس حیدر نے وضاحت کی کہ ساحر حسن کو مصطفیٰ عامر قتل کیس کے سلسلے میں گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ اس کیس کے بعد منشیات کے خلاف مہم کے دوران حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہے، جو پوش علاقوں میں پارٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔