• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:20pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:20pm

چولستان کے رہائشیوں نے بے دخلی کے خدشے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

شائع February 24, 2025
بستی کھیر سر، چک نمبر 176/ڈی بی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد کئی دہائیوں تک اس زمین پر آباد رہے
— فائل فوٹو: اے ایف پی
بستی کھیر سر، چک نمبر 176/ڈی بی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد کئی دہائیوں تک اس زمین پر آباد رہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

چولستان کی دور افتادہ بستی کے 100 سے زائد رہائشیوں نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سرکاری منصوبے کا راستہ بنانے کے لیے اپنی زمین دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کے وکیل محمد کامران کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ کے جسٹس عاصم حفیظ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے کل (منگل) تک جواب طلب کرلیا۔

بستی کھیر سر، چک نمبر 176/ڈی بی کے تقریباً 124 رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ حقیقی چولستانی ہیں، اور ان کے آبا و اجداد کئی دہائیوں سے اس زمین پر آباد رہے، جنہوں نے اسے بنجر ریت کے ٹیلوں سے قابل کاشت زمین میں تبدیل کیا۔

2024 میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے ان ہی فریقین کی جانب سے دائر ایک درخواست کو نمٹا دیا تھا، جب انہیں زمین کی الاٹمنٹ میں انکار کا پہلا حق دیا گیا تھا، جسے نیلامی کے مقصد کے لیے ’کیٹیگری اے‘ میں رکھا گیا تھا۔

چولستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو اس زمین کی نیلامی کرنی تھی جسے درخواست گزار خریدنا چاہتے تھے، درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب بورڈ آف ریونیو نے چولستان میں 30 ہزار ایکڑ زمین محفوظ کر رکھی ہے، جس میں چک نمبر 176/ڈی بی بھی شامل ہے۔

درخواست گزاروں نے مطالبہ کیا کہ بورڈ آف ریونیو کو کسی بھی مقصد کے لیے زمین کی منتقلی سے روکا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اور علاقے کے دیگر باشندے غریب لوگ ہیں جن کے پاس رہائش کی کوئی اور جگہ نہیں، اور زیر بحث زمین کے علاوہ آمدنی کا کوئی دوسرا ذریعہ بھی نہیں ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق جسٹس عاصم حفیظ نے لا افسر سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جب کہ صوبائی بورڈ آف ریونیو کے حکام کو بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بہاولپور بار انتخابات

ندیم اقبال چوہدری بہاولپور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور ملک عمران عزیز جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔

بار کے الیکشن بورڈ کی جانب سے رات گئے جاری اعلان کے مطابق ندیم اقبال چوہدری نے 1751 ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کی حریف ثمینہ سہیل قریشی نے 1451 ووٹ حاصل کیے۔

ملک عمران عزیز نے 2519 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل چوہدری افضل نے 675 ووٹ حاصل کیے، صبا اجمل جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئیں، جب کہ دیگر عہدیداروں کو پہلے ہی بلامقابلہ منتخب قرار دیا جا چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 فروری 2025
کارٹون : 24 فروری 2025