• KHI: Maghrib 6:40pm Isha 7:55pm
  • LHR: Maghrib 6:09pm Isha 7:29pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:40pm Isha 7:55pm
  • LHR: Maghrib 6:09pm Isha 7:29pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

انجلین ملک کی کینسر کے علاج کے دوران فیشن شو میں کیٹ واک

شائع February 24, 2025
—فوٹو: ونٹر گالا فیشن
—فوٹو: ونٹر گالا فیشن

اداکارہ، ماڈل، پروڈیوسر و ہدایت کارہ انجلین ملک نے پاکستانی فیشن میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار مکمل ’گنج پن‘ میں فیشن شو میں کیٹ واک کرکے سب کو حیران کردیا۔

انجلین ملک نے رواں ماہ کے آغاز میں جیولری کلیکشن متعارف ہوئے سر کے بالوں کے بغیر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

اداکارہ و ماڈل کی جانب سے کینسر کی تشخیص اور اس کا علاج جاری رہنے کے بعد حال ہی میں ماڈل نے ’ونٹر فیشن گالا‘ (ڈبلیو ایف جی) میں کیٹ واک کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ونٹر فیشن گالا میں کیٹ واک کے بعد حال ہی میں انجلین ملک نے ڈان آئیکون کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ انہوں نے پاکستانی فیشن میں نئے ٹرینڈز متعارف کرائے۔

ماڈل کا کہنا تھا کہ پاکستانی فیشن کی تاریخ میں وہ پہلی ماڈل ہیں، جنہوں نے مکمل ’گنج پن‘ کے ہمراہ فیشن شو میں کیٹ واک کی۔

انجلین ملک نے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گزشتہ برس جب انہوں نے اپنی جیولری کلیکشن متعارف کرائی تھی، تب انہوں نے متعدد مرد و خواتین ماڈلز کی خدمات لی تھیں اور اس وقت ان کے دل میں خیال آیا تھا کہ ان کی جیولری کلیکشن کے لیے کوئی مکمل گنج پن والی خاتون بھی ہونی چاہیے لیکن اس وقت کوئی دستیاب نہیں تھا۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ایک سال بعد وہ خود مکمل گنج پن کے ساتھ اپنی جیولری کلیکشن کے فوٹوشوٹ کے لیے دستیاب تھیں اور ان کا فوٹوشوٹ کافی پسند کیا گیا۔

اداکارہ نے کینسر کی تشخیص اور کیموتھراپی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں سب نے کیموتھراپی کی منفی اثرات سے ڈرایا تھا، انہیں سب کی باتیں سن کر ایسا لگا جیسے وہ جہنم میں جا رہی ہیں۔

ان کے مطابق وہ خود میں کینسر کی تشخیص کے بعد لوگوں کی باتوں سے کافی خوف زدہ ہوگئی تھیں اور مایوسی کا شکار بھی ہوچکی تھیں لیکن پھر انہوں نے ہمت پکڑی اور ارادہ کیا کہ خود کو ڈپریشن کا شکار نہیں ہونے دینا۔

انجلین ملک کا کہنا تھا کہ ارادے مضبوط کرنے کے بعد انہوں نے خود کو طاقتور اور صحت مند تصور کیا اور پھر خود ہی سر کے بال منڈوائے اور گنج پن کے ساتھ فوٹوشوٹ کرواکر کینسر کی شکار خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ماڈل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موذی مرض کینسر کے شکار افراد کے لیے کوئی سہولیات دستیاب نہیں، ان کے لیے ورزش کے مقامات تک نہیں جب کہ علاج سے قبل اور بعد میں خیال رکھنے کے لیے بھی رہنما اصول اور ضوابط تک دستیاب نہیں۔

ان کے مطابق کینسر سے صحت یابی کے لیے علاج سمیت ورزش اور صحت مند غذا کا اہم کردار ہوتا ہے لیکن ہمارے ہاں غذا اور ورزش وغیرہ پر توجہ نہیں دی جاتی جب کہ کینسر کے مریضوں کے ساتھ لوگوں کا رویہ بھی ڈراؤنا ہوتا ہے، جس وجہ سے کافی لوگ ڈپریشن میں مبتلا ہوکر بیماری سے خوف زدہ ہوجاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025