مریم اشتیاق کے پاکستانی کھانوں کی امریکی شو میں تعریفیں
پاکستانی نژاد امریکی شیف مریم اشتیاق کی جانب سے امریکی ریئلٹی فوڈ شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ میں بنائے گئے پاکستانی کھانوں کو بہترین قرار دے دیا گیا۔
مریم اشتیاق نے ’نیکسٹ لیول شیف‘ کے چوتھے سیزن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بعض پاکستانی کھانے تیار کیے، جنہیں شو کے ججز اور مقابلے میں شریک دیگر شیفس کی جانب سے پسند کیا گیا۔
مریم اشتیاق نے فوڈ ریئلٹی شو پروگرام میں پاکستانی کھانے بنانے کی اپنی مختصر ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں شو کے ججز اور دنیا کے بہترین ترین شیفس گورڈن رامسے، نیشا آرنگٹن اور رچرڈ بلائس کی جانب سے پاکستانی کھانوں کی تعریف کرنے کی جھلک بھی شامل تھی۔
شو کے ججز نے مریم اشتیاق کی جانب سے تیار کیے گئے کھانوں کو چکھنے کے بعد انہیں ذائقہ دار قرار دیتے ہوئے پاکستانی کھانوں کی تعریفیں کیں۔
جج گورڈن رامسے کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں بہترین اور ذائقہ دار کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔
فوڈ ریئلٹی شو میں مریم اشتیاق نے تندوری چکن سمیت چکن سے تیار ہونے والی دیگر پاکستانی غذائیں تیار کی تھیں جب کہ انہوں نے دیسی سلاد بھی تیار کیا، جسے کافی پسند کیا گیا۔
مذکورہ شو میں مریم اشتیاق کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے کھانا بنانے کے شوقین افراد شامل ہیں اور مذکورہ شو کے فاتحین کو ایوارڈ اور انعام سے بھی نوازا جاتا ہے۔
مریم اشتیاق نے رواں ماہ فروری کے آغاز میں بتایا تھا کہ وہ ’نیکسٹ لیول شیف‘ کے چوتھے سیزن میں شرکت کریں گی اور دو دن قبل انہوں نے شو میں شرکت کرنے اور اس میں پاکستانی کھانے بنانے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔