ملائیشین ایئر لائنز کی 11 سال قبل لاپتا پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش پھر شروع
ملائیشین ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کو حادثے اور لاپتا ہونے کی ایک دہائی بعد اس کی تلاش دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ انتھونی لوکے نے بتایا کہ میری ٹائم ایکسپلوریشن فرم اوشن انفینٹی نے لاپتہ طیارے کی تلاش دوبارہ شروع کر دی ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ملائیشیا اور کمپنی کے درمیان معاہدے کی تفصیلات کو ابھی حتمی شکل دی جا رہی ہے، لیکن انہوں نے مارچ 2014 میں لاپتہ ہونے والے طیارے کی تلاش شروع کرنے کے لیے اپنے جہازوں کو تعینات کرنے کے لیے اوشن انفینٹی کی سرگرمی کا خیر مقدم کیا۔
انتھونی لوکے نے کہا کہ تلاش کب تک جاری رہے گی، اس بارے میں تفصیلات پر ابھی بات چیت نہیں کی گئی، انہوں نے اس بارے میں بھی تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ برطانوی فرم نے اپنی تلاش کب دوبارہ شروع کی؟۔
ملائیشیا کی حکومت نے دسمبر میں کہا تھا کہ اس نے ایم ایچ 370 کی نئی تلاش شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بوئنگ 777 طیارہ 8 مارچ 2014 کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے ریڈار اسکرین سے غائب ہوگیا تھا۔
مسافروں میں 2 تہائی چینی شہری تھے، جب کہ دیگر میں ملائیشیا، انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے علاوہ بھارتی، امریکی، ڈچ اور فرانسیسی شہری شامل تھے۔
ہوا بازی کی تاریخ میں سب سے بڑی تلاش
ایوی ایشن کی تاریخ میں سب سے بڑی تلاش کے باوجود طیارہ کبھی نہیں مل سکا۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں اپنی والدہ کو کھونے والی 36 سالہ ملائیشین گریس ناتھن کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت راحت اور خوشی ہے کہ اتنے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر تلاش کا کام دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔
ایم ایچ 370 کے فلائٹ سپروائزر پیٹرک گومز کی اہلیہ 62 سالہ جیکوئٹا گونزالیس نے کہا کہ امید ہے کہ تلاش کے نتائج سے ان کے اہل خانہ کو آگاہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ کہاں ہے اور کیا ہوا، اس حادثے کی یادیں گزرے کل کی طرح واپس آگئی ہیں، یہ ہمارے ذہنوں میں تازہ ہے۔