اپوزیشن کا ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام ’عمران خان اسٹیڈیم‘ رکھنے پر عدالت جانے کا اعلان
خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ رکھنے کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کے خلافسابق گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور سابق وفاقی وزرا حاجی غلام احمد بلور اور ارباب عالمگیر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما ارباب عالمگیر نے کہا کہ اسٹیڈیم کے نام تبدیلی کے خلاف پشاور ہائی کورٹ جارہے ہیں، اس اسٹیڈیم کی نام کی تبدیلی کی ضرورت کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس نے اس اسٹیڈیم کو بنانے میں کردار ادا کیا اس کا نام ہٹانے کی کیا ایسی مجبوری ہے، حکومت غلط کر رہی ہے مطالبہ کرتے ہیں اس اقدام کو واپس کیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر اور اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا کہ ارباب فیملی کا ایک سیاسی مقام ہے، وزیر اعلیٰ صاحب افسوس ہے اتنے سالوں میں ایک اسٹیڈیم نہ بناسکے، ہم نے اپنے دور میں 8 یونیورسٹیاں بنا دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز صاحب نے اس اسٹیڈیم کو بنانے میں کردار ادا کیا، آج مریم نواز پنجاب میں آپ سے آگے جاچکی ہے، لیکن آپ نے ہمارے صوبے کا کیا حال کردیا ہے، صوبائی حکومت اپنی ناکامی اور غلطیوں کو چھپانے کیلئے نام تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں ترقی یافتہ کاموں پر توجہ دیں، اس اقدام سے عمران خان کی بے عزتی ہوگی، آپ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے آئے ہیں اور آپ اس صوبے کے نمائندے ہی نہیں ہیں۔
سابق گورنر خیبرپختونخوا اور جے یو آئی (ف) کے رہنما غلام علی کا کہنا تھا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسٹیڈیم کا نام نہ تبدیل کیا جائے، شاہی باغ میونسپلٹی کی ملکیت تھی، چاہیے تھا کے ایک نیا اسٹیڈیم بناتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس اسٹیڈیم کا نام عمران خان بھی ہوجائے تو کوئی فرق نہیں ہوگا مگر روایات ہمارے نہیں ہے، حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔
جماعت اسلامی کے رہنما کاشف اعظم کا کہنا تھا کہ کچھ دن کے مہمان وزیر اعلیٰ نے عمران خان کو خوش کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، اس اقدام سے وزیر اعلیٰ کی کرسی نہیں بچے گی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی کابینہ نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے سابق وزیر اعظم عمران خان کے نام پر رکھنے کی منظوری دی تھی۔
صوبائی محکمہ کھیل کی جانب سے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی سمری تیار کی گئی تھی جس کا مراسلہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ارسال کردیا گیا تھا۔