سوڈان: خرطوم میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، 46 افراد ہلاک
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عہدیدار نے بتایا کہ خرطوم کے مضافات میں ایک فوجی طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
اینٹونوف طیارہ منگل کی رات وادی سیدنا ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہوا، یہ جگہ دارالحکومت کے شمال مغرب میں اومدرمان میں سب سے بڑے فوجی مراکز میں سے ایک ہے۔
اپریل 2023 سے پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ساتھ جنگ میں مصروف فوج کا کہنا تھا کہ طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوا، جس میں فوجی اہلکار اور شہری دونوں ہلاک اور زخمی ہوئے۔
خرطوم کی علاقائی حکومت کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں بتایا کہ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 46 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔
قبل ازیں، فوج سے منسلک وزارت صحت نے رپورٹ کیا تھا کہ حادثے میں کم از کم 19 افراد کی موت ہوئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور علاقے میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، حادثے کے باعث قریبی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی۔
وزارت نے بتایا کہ ہنگامی ٹیموں نے زخمی شہریوں بشمول بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
فوجی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے کی وجہ تکنیکی ہے تاہم وہ میڈیا پر تبصرہ کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔