ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے
ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے اور وہ پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان میں پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النیہان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے۔
اس دوران ان کے ہمراہایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں وزرا اور اعلیٰ حکام کے علاوہ نامور کاروباری شخصیات بھی شامل ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس دوران تاریخی تعلقات کو مستحکم اور اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے دورہ پاکستان میں دوطرفہ معاہدے اور مفاہتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے تاکہ کثیر الجہتی شعبوں میں طویل مدتی تعاون کے لیے موجودہ مضبوط فریم ورک کو مضبوط بنایا جاسکے۔
ترجمان نے کہا کہ ابوظبی کے ولی عہد کے دورہ پاکستان سے مشترکہ منصوبوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس کا مقصد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو نشان پاکستان سے نوازا جائے گا، شیخ خالد بن محمد کو نشان پاکستان سے نوازنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔