دنیا کے کس ملک میں طویل اور کس ملک میں مختصر دورانیے کا روزہ ہوگا؟
دنیا بھر میں مقدس مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے اور آئندہ 29 سے 28 روز تک مسلمان مسلسل روزے رکھیں گے۔
پاکستان میں اس برس روزوں کا دورانیہ 13 گھنٹے سے شروع ہوگا جو کہ اختتام رمضان تک تقریبا ساڑھے 13 گھنٹے تک ہوجائے گا۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں یومیہ روزے کے دورانیے میں تقریبا ایک منٹ کا اضافہ ہوگا اور عید الفطر سے قبل تک پاکستانی 6 بج کر 49 منٹ پر افطار کریں گے۔
رمضان کے آغاز میں کراچی میں افطاری کا وقت 6 بج کر 36 منٹ سے شروع ہوا، باقی شہروں میں اس کے اوقات مختلف ہیں، اوقات میں یومیہ ایک منٹ کا اضافہ ہوگا۔
کراچی میں رمضان کے آغاز میں سحری کرنے کا وقت 5 بج کر 36 منٹ تھا جو کہ رمضان کے اختتام تک 5 بج کر 5 منٹ تک ہوجائے گا۔
اگرچہ پاکستان میں روزہ دار اوسطا 13 گھنٹے تک روزے کی حالت میں رہیں گے، تاہم دنیا کے متعدد ممالک میں مسلمان 17 گھنٹے تک بھی روزے کی حالت میں ہوں گے۔
اس بار دنیا بھر میں رمضان المبارک مارچ میں شروع ہوا ہے اور ہر سال رمضان 12 سے 13 دن پچھلے سال کے مقابلے پہلے شروع ہوتا ہے، جس وجہ سے روزے کے دورانیے میں بھی نمایاں فرق آتا ہے۔
عرب نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق رواں برس سب سے طویل روزہ گرین لینڈ میں ہوگا، جہاں کے مسلمان 16 گھنٹے 31 منٹ کا ہوگا، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہاں کے مسلمانوں کے لیے پہلا روزہ 12 گھنٹے 56 منٹ پر محیط ہوگا۔
گرین لینڈ کے بعد آئس لینڈ میں آخری روزہ 16 گھنٹے 29 منٹ اور فن لینڈ میں آخری روزہ 15 گھنٹے 30 منٹ طویل ہوگا۔
مذکورہ ممالک میں پہلے اور آخری روزے کے وقت میں ڈیڑھ سے چار گھنٹے تک فرق آجائے گا جب کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ 25 منٹ کا فرق آئے گا۔
روس، قازقستان، پولینڈ، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، برسلز اور رومانیہ جیسے ممالک میں روزہ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہوگا۔
ترکیہ میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے، تیونس 13 گھنٹے، الجزائر 13 گھنٹے، ایران 13 گھنٹے، افغانستان 13 گھنٹے، بھارت، بنگلہ دیش، شام، عراق، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات، فلسطین، یمن اور سعودی عرب میں بھی روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے ہوگا۔