پشاور ہائیکورٹ کا فیصل جاوید کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکالنے کا حکم
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فیصل جاوید کا نام پرووژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔
عدالتی حکمنامے کے مطابق درخواست گزار عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں، درخواست گزار کا عمرہ ادائیگی کے لئے متعلقہ رکارڈ فائل پر موجود ہے لہذا درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل سے نکالا جائے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کا عمرہ ادائیگی سے واپسی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کو پھر دیکھیں، درخواست گزار اس وقت کسی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب نہیں ہے۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ جو مقدمات ہے ان میں درخواست گزار ضمانت پر ہے جب کہ درخواست گزار کچھ مقدمات میں بری بھی ہوچکے ہیں۔
بعد ازاں، عدالت نے سماعت پندرہ اپریل تک ملتوی کردی۔