لاہور: ٹک ٹاک پر لڑکیوں کا استعمال کرکے شہریوں کو لوٹنے والا 7 رکنی گروہ گرفتار
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کوٹ لکھپت پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا، ملزمان میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ملزمان کا گروہ ٹک ٹاک پر دوستیاں بنوانے کے لیے لڑکیوں کا استعمال کرتا تھا، دوستی بہتر ہونے پر ’شکار‘ کو ملنے کے بہانے بلایا جاتا تھا۔
لڑکیوں سے ملنے کے لیے آنے والے شہریوں کو نہ صرف لوٹ لیا جاتا تھا، بلکہ برہنہ کر کے تشدد کی ویڈیو بھی بنالی جاتی تھی، اس حوالے سے بات پولیس تک پہنچی تو پولیس نے 3 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اس گینگ کو بے نقاب کیا، گرفتار ملزمان میں سرکاری محکمے کا جونیئر کلرک عاصم اور ڈولفن اہلکار وقاص بھی شامل ہیں۔
گرفتار ہونے والوں سے موبائل فون، ہتھکڑی ، پستول اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی حفاظت اور ہر طرح کے جرائم کی روک تھام کے لیے پر عزم ہے۔